وزیراعظم میاں نواز شریف کا حج معاملات میں ذاتی دلچسپی لینا باعث اطمینان ہے، شاہد علی خان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد : نیوانرولڈ حج گروپ ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کے جنرل سیکریٹری شاہد علی خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کا حج معاملات میں ذاتی دلچسپی لینا نیو انرولڈ ایج جی اوز اور پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث اطمینان ہے، سستے حج پیکیج سے عام آدمی کو فریضہ حج کی ادائیگی میں نہ صرف سہولت ملے گی بلکہ حکومت وقت کو ہزاروں حاجیوں کی دعائیں بھی ملیں گی،عام شہری کیلئے وزیراعظم کا فکرمندہونا پوری قوم کیلئے خوشی کی بات ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو لکھے گئے خط میں کیا۔

شاہد علی خان نے اپنے خط میں کہا کہ ہم آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ آپ نے سستا حج سروے فارم بھرنے والوں کو حج کوٹہ الاٹ کرنے میں ترجیحی دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکومت سعودی عرب کی خواہش اور سعودی وزارت حج کی تعلیمات کے مطابق پاکستان سے عازمین کو سہولتوں کی فراہمی کے فرائض بتدریج نجی شعبہ کو منتقل کیے جانے ہیں ، اس مقصد کیلئے وفاقی وزارت مذہبی امور نے ابھی تک نجی شعبہ کو 50%حج کوٹہ منتقل کیا ہے۔

یہ بات قابل اطمینان ہے کہ اگر نجی شعبہ کی کوئی کمپنی اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں کوتاہی برتتی ہے تو وزارت مذہبی امور اس کمپنی کیخلاف ایکشن لیتی ہے اس نظام کو مزید مؤثر بناکر حج کوٹہ زیادہ سے زیادہ نجی شعبہ کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے ۔ نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہیں کہ حج جیسے مقدس فریضے کی ادائیگی کو سستا اور آسان بنانا وزیراعظم پاکستان کی دلی خواہش ہے۔

اس سلسلے میں نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز حکومت پاکستان کو اپنی خدمات پیش کررہے ہیں جس کیلئے نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز نے وزارت مذہبی امور کے سستے حج پیکج سروے فارم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیاہے ۔ شاہد علی خان نے کہا کہ میں اس خط کے زریعے نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کی جانب سے حج کوٹہ کی تقسیم اور عام آدمی کیلئے آسانیوں کے حوالے سے چند گذارشات پیش کرنا چاہتاہوں۔

٭ہماری درخواست ہے کہ سرکاری حج کوٹہ میں سے عملی طور پر اِسی سال کم سے کم 10%کوٹہ نجی شعبہ کو منتقل کیا جائے۔٭جن حج گروپ آرگنائزرز نے حج پیکج سروے فارم مقررہ وقت پر پرُ کرنے میں حصہ لیا ہے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حج کوٹہ کی تقسیم میں شامل کرنے کی اپیل ہے۔

نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کو حج کوٹہ کی تقسیم میں میرٹ کی بنیاد پر شامل کرنے کی اپیل ہے۔ یہ تمام HGOsپورے سال کامیابی کے ساتھ عمرہ زائرین کے گروپ بھیجتے ہیں اور حج جیسے تمام انتظامات کرتے ہیںمثلاً رہائش، ٹرانسپورٹ، ویزا، ٹکٹ ، زیارتیںاور کھاناوغیرہ۔٭وزیر اعظم پاکستان سے اپیل ہے کہ ایسی کوئی پالیسی بھی بنائی جائے کہ ایک ہی گروپ یا خاندان کے کئی کئی افراد کوحج کوٹہ دینے پر پابندی ہو کیونکہ یہ لوگ مہنگے ترین پیکجز فروخت کرتے ہیں۔٭حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ اسلامی ملکوں کی تنظیم(OIC)کے قواعد و ضوابط کے مطابق آبادی کے لحاظ سے حکومت سعودی عرب سے حج کوٹہ لینے کی کوشش کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو حج کی سعادت حاصل ہوسکے۔

حکومت سعودی عربیہ نے حکومت پاکستان سے پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کی جو لسٹ مانگی ہے اس میں نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کو بھی شامل کرنے کی اپیل ہے اور ان ٹور آپریٹرز کے وزارت حج سعودی عرب سے منظم نمبر جاری کروانے کی استدعا ہے۔