وزیراعظم لوگوں سے کتے کی طرح برتاؤ نہ کریں: منحرف رکن پی ٹی آئی

Noor Alam

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان لوگوں سے کتوں کی طرح برتاؤ نہ کریں۔

نور عالم کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی عزت کریں اور وزیراعظم انہیں ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش نہ کریں۔

نور عالم خان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اس وقت لاگو ہوتا ہے جب کوئی رکن اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ ڈالے، ابھی تک میں پاکستان تحریک انصاف کا رکن قومی اسمبلی ہوں۔

چند روز قبل نور عالم زیب نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے خاندان والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اگر میرے گھر والوں کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار حکمران ہوں گے۔

نور عالم خان کا کہنا تھا کہ مجھے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ جیسے بینظیر بھٹو اور بشیر بلور کے ساتھ ہوا تھا ویسا ہی تمھارے ساتھ ہو گا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے جن 14 منحرف اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے ان میں پشاور سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان بھی شامل ہیں۔