وزیراعظم کا دوران احتجاج جاں بحق ہونیوالے پی آئی اے ملازمین کے ورثا کیلیے امداد کا اعلان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے 2 پی آئی اے ملازمین کے ورثا کے لیے 25 لاکھ روپے فی کس امداد اکا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے پی آئی اے کے جاں بحق ملازمین کے ورثا کے لیے 25 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا جب کہ جاں بحق ملازمین کے ایک ایک بچے کو پی آئی اے میں ملازمت بھی دی جائے گی۔ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے احتجاج کےدوران زخمی ہونے والوں کے لیے بھی 5 لاکھ فی کس امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ملازمین کی ہلاکت ان کے ورثا اور پی آئی اے کے لیے سانحہ ہے، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور اس واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جب کہ تحقیقات سے متاثرہ خاندانوں کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین پر پولیس اور رینجرز کی جانب سے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا جب کہ اس دوران پیش آنے والے فائرنگ کے پراسرار واقعے سے پی آئی اے کے 2 ملازمین جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔