سرکاری اسپتال نجی اداروں کو دینے کے فیصلے کے خلاف مشترکہ احتجاجی مظاہرہ

بدین (عمران عباس) سرکاری اسپتالیں نجی اداروں کو دینے کے فیصلے کے خلاف سندھ پیرا میڈیکل ایسوسیئش اور پاکستان نرسنگ ایسوسیئشن بدین کی جانب سے سول اسپتال کے سامنے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ اور ٹوکن بھوک ہڑتال، سندھ حکومت کی جانب سے کیئے گئے فیصلے کے تحت سرکاری اسپتالیں این جی اوز اور پرائیویٹ اداروں کے حوالے کرنے والے فیصلے کے خلاف پانچویں روز بھی بھوک ہڑتال جاری رہی احتجاج میں نرسز کے علاوہ نرسنگ اسٹاف نے بھی شرکت کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیرامیڈیکل رہنماء علی بخش گوپانگ، حاجی اللہ بچایو، میر لکھی ٹالپر، احمد خان نوتکانی،ظہور میمن، اورنرسنگ رہنماء فضل الدین سہڑو، مقیم نہڑیو اور مسرت کوثر نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے سے سینکڑوں ملازم بے روزگار ہوجائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے کے باعث ہمارا احتجاج محدودہے اگر انہوں نے نجکاری کا سلسلہ بند نا کیا تواحتجاج کا دائرہ بڑھا کر دیگر اضلاع تک لے جائیں گے۔

ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ محکمہ صحت کے ڈی جی اور سیکریٹری نے سندھ کے وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو کی جانب سے اسپتال کی منتقلی کے دیئے گئے لیٹر پر سائن کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد محکمہ صحت کے افسران اورسندھ کے وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو میں ایک نئی جنگ چھڑ گئی ہے۔

Nurses Protest

Nurses Protest