ماہِ رمضان تمام مقدس مہینوں کا سردار ،پہلا عشرہ رحمت دوسرا مغفرت اور تیسرانجات کا ہے۔ ایم اے تبسم

Gazi Raza Alvi and M A Tabassum

Gazi Raza Alvi and M A Tabassum

لاہور: ماہ مقدس میں اللہ تعالیٰ نے اپنا پاک کلام قرآن مجید کا نزول فرمایا جوکہ انسانیت کیلئے راہ روشن اور حق و باطل کا فرق دکھاتا ہے،قرآنی تعلیمات پر عمل کرکے ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارکالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں ہونیوالی قتل و غارت اسلامی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے اور بحیثیت قوم ہمیں انفرادی اور اجتماعی لحاظ سے اپنا محاسبہ کرنا ہوگا،انہوں نے کہاکہ اسلام ہمیں انسانیت کی خدمت کرنے اور ایک دوسرے کیساتھ احترام سے پیش آنے کا درس دیتا ہے ماہ رمضان نیکیوں اور برکتوں والا مہینہ ہے جو ہمیں بندگی تدبر و تفکر اور اپنے نظریہ کے مطابق زندگی بسر کرنے کی یاد دہانی کراتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جو مسلمان صدق دل سے ماہ صیام میں اپنے اعمال درست کرے تو وہ سارا سال اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرسکتا ہے۔ایم اے تبسم نے مزیدکہا کہ روزہ انسان کو تقویٰ،ایثار اور صبر کا درس دیتا ہے،رمضان رحمت مغفرت اور نجات کا مہینہ ہے اس مبارک مہینے میں ہمیں اللہ سے گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنی چاہیے پہلا عشرہ رحمت دوسرا مغفرت اور تیسرانجات کاہے۔اس مبارک مہینہ میں تمام صاحب حیثیت لوگوں کو چاہیے کہ وہ غربا،مساکین کی دل کھول کر امداد کریں ،انہوں نے کہاکہ روزہ صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ قربِ الہی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ماہِ رمضان تمام مقدس مہینوں کا سردار ہے۔