رینجرز کا کورنگی میں ایم کیوایم کے سیکٹر آفس پر چھاپہ

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) رینجرز نے ایم کیوایم کے کورنگی سیکٹر آفس پر چھاپے کے دوران سیکٹر انچارج اور بلدیاتی امیدوار سمیت 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

ارینجرز نے کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر آفس چھاپہ مارا، اس دوران رینجرز کی بھاری نفری نے سیکٹر آفس کے اطراف کے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا جب کہ کارروائی کے دوران سیکٹر انچارج اور 3 یونٹ انچارج سمیت بلدیاتی امیدوار اور کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق کورنگی سیکٹر آفس پر رینجرز کی کارروائی 20 منٹ تک جاری رہی اس دوران سیکٹر آفس اور اس میں موجود تمام افراد کی مکمل تلاشی لی گئی۔ ایم کیوایم ذرائع کے مطابق رینجرز کی کارروائی کے وقت سیکٹر آفس میں ذمہ داران سمیت 24 سے زائد کارکنان موجود تھے جو بلدیاتی انتخابات سے متعلق تیاریوں میں مصروف تھے جب کہ رینجرز نے کارروائی میں میں سیکٹر انچارج وسیم عرف شمع، 3 یونٹوں کے انچارج اور بلدیاتی امیدوار سمیت کئی کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ رینجرز کی جانب سے حراست میں لیے جانے والوں میں اصغر یعقوب، رفیق شیخ، ندیم اختر، ابراہیم اور آصف سمیت دیگر شامل ہیں، رینجرز کی کارروائی کے بعد ایم کیوایم کے رکن صوبائی اسمبلی عامر معین پیرزادہ اورشیراز وحید سمیت کارکنان کی بڑی تعداد سیکٹر آفس پہنچ گئی۔