آزادی کا حقیقی مفہوم کیا ہے؟

14 August

14 August

کیسے کہہ دیں کہ ہم آزاد ہیں؟
یہ محافظ نہیں یہ جلاد ہیں!
وطن عزیز کو معرض وجود میں آئے 68سال کا عرصہ گزر چکا ہے ”یوم آزادی” ایک طرف تاریخ کے لہو رنگ اوراق کی یاد تازہ کرتی ہے، تو دوسری طرف وہ آزادی کے حسین خواب پر قربان ہوئی قیمتی جانوں، لٹی عصمتوں سے تجدید عہد وفا کا ایک اور موقع بھی فراہم کرتی ہے تاکہ ہم اپنے ماضی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حال کا محاسبہ کریں اور مستقبل کے لئے ان راہوں کا انتخاب کریں جو ہماری قوم کو زندہ ضمیرلئے حقیقی معنوں میں آزاد قوموں کی فہرست میں لا کھڑا کریں۔

ہم آج تک قومی محاسبہ سے نگاہیں چراتے ہوئے ہر سال چودہ اگست کے دن کو بھر پور جوش وخروش سے منانا قومی روایت سمجھتے آرہے ہیں۔ جشن آزادی کا مقصد بحیثیت قوم ہمارا قومی محاسبہ ہونا چاہیے جو گزشتہ ماہ و سال کے آئینے میں ہمیں ہماری ناکامیاں اور کامیابیاں صاف صاف دکھائے تاکہ ہم دوسری قوموں سے مقابلہ کرنے کا ظرف پیدا کر سکیں۔اگر آزادی کا صحیح مفہوم سمجھنا ہے تو ایک نظر جرمنی اور جاپان پر ڈال لیجئے جو دوسری جنگ عظیم 1945 کی بھیانک تباہی کے بعد دوبارہ نئے سرے سے اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کی کوشش میں جٹ گئے تھے اور ہم نے بھی تقریباً اسی وقت 1947 میں ایک نوزائیدہ آزاد مملکت کے طور پر اپنا سفر اختیار کیا تھا اگر آج ان سے موازنہ کریں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ 68 برس کا عرصہ آگے کی بجائے ہمیں مزید صدیوں پیچھے لے گیا ہے۔

جرمن قوم کے اتحاد و یکجہتی نے دیوار برلن تک گرا دی …مگر ہماری قومی نائو فرقہ وارانہ چھیدوں نے قومی سلامتی منافرت کے سیلاب میں بہا دی۔ جاپانی قوم کے حوصلے اور قوت ارادی نے انہیں ایک بار پھر سے دنیا کی عظیم ترقی یافتہ قوموں میں سر فہرست لا کھڑا کیا ….. مگر جہالت اور ضمیر فروشی نے ہمیں آسمان کی بلندیوں سے ذلت کی گہرائیوں میں لا پٹخا …کہ آج ہمیں آزادی کا دن تو یاد رہا مگر آزادی کا حقیقی مفہوم کیا ہے یہ بھول گئے.. آج تک ہم جس نام و نہاد آزادی کی مالا جپتے چلے آرہے ہیں وہ تو ہمیں کبھی نصیب ہی نہ ہوئی تھی۔ لیکن پھر بھی اگر ہمیں اپنی قومی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آزادی کا جشن منانا ہے تو پھر شوق سے منائیے مگر ساتھ ساتھ غربت ، بے روزگاری ،خودکشیوں ،اخلاقی اقدار سے آزادی اور قانون سے آزادی کا جشن بھی منائیے۔

دہشت گردی اور جرائم میں آزادی کا جشن بھی منائیے … انسانی حقوق سے آزادی کا جشن بھی منائیے …. اور پھر اپنی قومی جہالت کی آزادی کا جشن بھی منائیے۔آج ہم بحیثیت قوم ایک ایسے دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں چاروں طرف سینکڑوں بحران جبڑے کھولے ہماری ذرا سی لغزش کے منتظر ہیں۔ ایک طرف ہمارا سب سے بڑا بحران نظریاتی یکجہتی ،فکری وحدت اور اتحاد و اتفاق سے محروم ہے تو دوسری طرف امن و امان کی دگرگوں صورتحال کا بحران ہے ، ایک طرف ہمارا حال ہے جو روز بروز لا قانونیت کی دلدل میں دھنسا چلا جا رہا ہے تو دوسری طرف ہمارا مستقبل وہ نوجوان نسل ہے جسے علم کو اپنا آلہ کار بنانا ہے،مگر وہ خود دہشت گردی کا آلہ کار بن چکی ہے۔ جن کے ہاتھوں کوکل قوم کے مستقبل کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ان میں آج کتابیں نہیں بلکہ قوم کی تباہی کے سامان ہیں۔

دماغ علم کی روشنی سے منور نہیں بلکہ اسلحہ اور ہتھیاروں سے لیس ہیں اور سونے پر سہاگہ یہ طبقاتی تفریق ، استحصالی نظام ، ہنر کی نا قدری، تعلیمی ڈھانچے کا کھوکھلا پن ، اختیارات کا نا جائز استعمال اور اخلاقی اقدار کا فقدان جیسی خوفناک آندھیاں ہیں جن سے ہمارا حال بری طرح لرز رہا ہے۔جمہوری روایات کے فقدان کا المیہ جس نے ماضی تباہ حال سے بے حال اور اب مستقبل کو رسوا کرنے کا بیڑہ اپنی قوم کو ہر پل گرتی معیشت کے ساتھ ہاتھوں میں کشکول کا تحفہ دے کر ایک شان سے اٹھا رکھا ہے۔ غریب کا چولہا بجھ گیا ہے تو اشیائے خورد و نوش کے نرخ آسمان کو چھو رہے ہیں۔ 60 فیصد ہم وطن پہلے ہی خط غربت تلے زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔ پینے کے صاف پانی سے محروم اور بجلی کی نعمت چھینی جا چکی ہے۔

نظام صحت کے اخراجات ناقابل برداشت اور ایک عام انسان کے بس سے باہر ہیں۔ابابیلوں کے لشکر ہم جیسی بے ایمان ، بے یقین اور بے حس قوموں کی طرف نہیں اترا کرتے۔ ہم وہ قوم ہیں کہ جن کے مولوی حلوے کی چند پلیٹوں کی خاطر تو کافر میں مومن میں مسلمان تو مرتد کا ورد کرتے ہیں اور ہم اس پر آمین کرتے چلے آرہے ہیں …ہم خود وہ غربت کی ماری قوم ہیں جو یوں تو جمہوریت کا رونا روتے ہیں مگر چودھری وڈیرے اور جاگیردارانہ نظام کے تناور درخت کو اپنے لہو سے سینچتے چلے آرہے ہیں . … ہم وہ بے غیرت قوم ہیں جو” امریکی کتے ہائے ہائے” کے نعرے تو بہت غیرتمندی سے لگاتے ہیں مگر جب بھی مصیبت پڑے کشکول تھامے بے غیرتی سے اسی کی طرف دوڑتے ہیں …۔ ہم وہ بے ضمیر قوم ہیں جو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اپنے مسلمان بھائیوں کا لہوتک بیچتے ہیں۔

Pakistan

Pakistan

آئوہم پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھانے کا وعدہ کرو ہم پاکستان کو قبرستان بنانے کے لئے تمہاری راہیں ہموار کرتے ہیں … آئواور مال و زر سے ہماری تجوریاں بھر دو ہم اپنے مادر وطن کے کسی بھی حصے پر بمباری کرنے کی پوری اجازت دیتے ہیں … آئواور ہمیں جنت کے ٹکٹ دو ہم ملک کو جہنم بنا کے تمہارے ازلی سپنے پورے کرتے ہیں ….آئواور صرف ہمیں مسلمانیت کا سرٹیفکیٹ دے دو اور ہم اپنی سر زمین پاک پراپنے ہی مسلمان بھائیوں کے لہو کی ندیاں بہا کر تمہاری خواہشوں کی تکمیل کرتے ہیں …۔ یہ ہے ہمارا اسلامی جمہوریہ پاکستان، جہاں عدالتوں میں انصاف، درسگاہوں میں ڈگریاں، اسمبلیوں میں ضمیر ، اسپتالوں میں جعلی دوائیاں اور مسجدوں میں ایمان تک بکتے ہیں۔ اگر مسجدوں سے نفرت کی منادی اور مدرسوں سے خودکش بمبار جہادی بن کر نکلتے ہیں۔

تو نکلنے دو ہم اپنے گھروں میں بیٹھے اسلام کے نام کی مالا جپتے رہیں گے۔اگر امریکی فوج اور طالبان نامی ظالمان ہماری ہی سر زمیں پر ایک دوسرے کا لہو پی کر زندہ رہنے کی کوشش کرتے ہیں تو کرنے دو ،ہم منرل واٹر سے اپنی پیاس بجھاتے رہیں گے۔اگر مائوں بہنوں کی عصمتیں نیلام ہوتی ہیں تو ہونے دو ہم جوش و خروش سے مدر ڈے منا لیا کریں گے ….. اگر حکمران ملکی خزانہ لوٹتے ہیں تو لوٹنے دو، تو ہم بسنت کی چڑھتی پتنگیں لوٹتے رہیں گے ….اگر ہم وطنوں کی تمنائوں کے پھول مرجھاتے ہیں تو مرجھانے دو ہم ویلن ٹائن ڈے دھوم سے منا لیا کریں گے …اگر غریب کا چولہا بجھتا ہے۔

فاقوں سے بچے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر بلبلاتے ہیں ، صاف پانی نہ پینے سے ہزاروں امواتیں ہوتی ہیں ،بے روزگاری کے ستائے مینار پاکستان سے چھلانگیں لگا کر جان دینے والوں کی آرزوئیں لٹتی ہوں یا پھر مزار قائد پر قوم کی بیٹیوں کی عصمتیں …ہمیں سوچنے کی بھلا کیا ضرورت ہے ہمارے لئے تو اتنا ہی بہت ہے کہ ہمارا پاکستان آزاد ہے۔ پاکستان زندہ باد…پاکستان زندہ باد …پاکستان زندہ باد میرے عزیز ہم وطنو !…کب تک خون بہے گا اپنے اس گلستان میں ؟ …کب تک وقت کی آندھیاں ہماری شاخیں قلم کرتی رہیں گی؟

کب تک ہم اپنے ہاتھ اپنے ہی ہم وطنو کے لہو سے رنگتے رہیں گے ؟…کب تک ہم غلامی کی زنجیروں میں جکڑی اس نام و نہاد آزادی کا جشن دھوم دھام سے مناتے رہیں گے ؟ … کب تک اس 68سالہ بوسیدہ آزادی کے تصور کو لئے خود کو دھوکہ دیتے رہیں گے ؟ …احساس کی کونپلیں اب بھی نہ پھوٹیں تو پھر کب پھوٹیں گی ؟ ہمارا سویا ہوا ضمیر اب بھی نہ جاگا تو پھر کب جاگے گا ؟ آخر کب تک ہم اپنی ناکامیوں پر آزادی کے جشن کا پردہ ڈال کر ناچتے رہیں گے ؟… آخرکب تک؟ ایک نہ ایک دن تو ہمیں بھی وقت کے کٹہرے اور ضمیر کی عدالت میں کھڑے ہو کر اس سوال کا جواب دینا ہی ہو گا کہ ” کیا ہم آزاد ہیں؟

M A Tabassum

M A Tabassum

تحریر:ایم اے تبسم (لاہور)
مرکزی صدر،کالمسٹ کونسل آف پاکستان”CCP”
email: matabassum81@gmail.com, 0300-4709102