تین سعودیوں کو دہشت گردی کی سازشوں پر 10 سال تک سزائے قید

Terrorism Conspiracy

Terrorism Conspiracy

الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں ایک خصوصی فوجداری عدالت نے مختلف کیسوں میں ملوّث چار مقامی شہریوں کو قصور وار ثابت ہونے پر سات سے دس سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

ان میں ایک سعودی کے ایران میں مطلوب ایک جرائم پیشہ شخص سے روابط تھے اور اس نے سعودی عرب کی سلامتی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے اس سے ملاقات بھی کی تھی۔دوسرے سعودی نے عراق میں عسکری تربیت حاصل کی تھی اور سخت گیر جنگجو گروپ داعش کی حمایت کی تھی۔

عدالت نے ان دونوں سعودیوں کو دس ،دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ان پر ایران کا سفر کرنے کا بھی الزام تھا جہاں انھوں نے ایک ایسے جرائم پیشہ شخص سے ملاقات کی تھی جو سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنا چاہتا تھا۔

یہ ایرانی مجرم بھی اس وقت گرفتار ہے۔اس نے دونوں سعودیوں کو عسکری تربیت حاصل کرنے پر آمادہ کیا تھا تاکہ بعد میں سعودی عرب کی سلامتی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے تخریبی کارروائیاں کی جاسکیں۔

ان دونوں مدعاعلیہان نے اس مجرم کی ترغیب پر عراق کا سفر کیا تھا اور وہاں عسکری تربیت کے کیمپوں میں مشین گنوں کو چلانے اور جوڑنے کی تربیت حاصل کی تھی۔اس کے بعد وہ سعودی عرب واپس آ گئے تھے لیکن انھیں وطن واپسی پر دھر لیا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ان کی قید کی سزا گرفتاری کے وقت سے شروع ہوگی اور رہائی کے بعد وہ مزید دس سال تک بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔

فوجداری عدالت نے ایک اور سعودی شہری کو دہشت گرد تنظیموں کے زیر اثر آنے اور داعش میں شمولیت کے لیے شام جانے کا ارادہ رکھنے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔عدالت نے اس کو منشیات استعمال کرنے کے جرم میں 80 کوڑے مارنے کا بھی حکم دیا ہے۔

عدالت نے اس مجرم پر بھی قید کی مدت پوری ہونے پر رہائی کے بعد سات سال تک بیرون ملک جانے پر پابندی لگا دی ہے اور گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے برآمد ہونے والے سیل فون کو ضبط کر لیا ہے۔
چوتھے سعودی مجرم پر یمن میں حوثی ملیشیا کی حمایت کا الزام تھا۔اس کے علاوہ اس نے مذہبی اصولوں اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کی صحت اور ان کے صحابہ کے اقوال کے بارے میں سوالات اٹھائے تھے۔

یہ شخص سوشل میڈیا پر مختلف توہین آمیز بیانات پوسٹ کرتا رہتا تھا۔ عدالت نے اس کو چھے سال قید اور تیس ہزار سعودی ریال جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔اس کی قید کی مدت کا بھی اس کی گرفتاری سے آغاز ہوگا۔عدالت نے اس کا ٹویٹر اکاؤنٹ بند کر دیا ہے اور اس پر تاحیات اس کو استعمال کرنے پر پابندی عاید کر دی ہے۔عدالت نے اس پر بھی رہائی کے بعد چھے سال تک بیرون ملک جانے پر پابندی عاید کر دی ہے۔