موسم کی ادا میں تبدیلی، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

Weather

Weather

لاہور (جیوڈیسک) جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی، اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں بوندا باندی، ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج اور کل پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں رم جھم ہوگی۔

بوندا باندی ، ہولے ہولے چلتی پون، سرمئی بادلوں کے سائبان تلے جھومتی ڈالیوں، مسکاتی کلیوں نے شہر اقتدار اسلام آباد کا موسم دلکش بنا رکھا ہے۔ جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے پڑنے والی پھوار کا سلسلہ آج دن اور رات تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔ باغوں کے شہر لاہور میں رم جھم اور کہیں کہیں پڑنے والے چھینٹوں سے موسم خنک ہو گیا۔

موسم کی خبر دینے والوں کے مطابق وقفے وقفے سے جاری پھوار کہیں بوندا باندی اور کن من کا سلسلہ کل صبح تک برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ شہر کے آسمان کو یونہی بادل گھیرے رہیں گے۔ سیالکوٹ، صفدر آباد، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گرد و نواح میں بارش کے بعد موسم ایک بار پھر ٹھنڈا ہو گیا۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بہاولپور، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔