خفیہ فنڈ ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری، 6 ارب کی بچت ہو گی

Secret Fund

Secret Fund

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت اطلاعات سمیت سولہ وفاقی وزارتوں کے خفیہ فنڈ ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس سے سرکاری خزانے میں چھ ارب روپے کی بچت ہو گی۔ ایجنسیوں کے خفیہ فنڈز کا بھی آڈٹ ہو گا۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق 11 جون 2013 سے 16 وزارتوں کے خفیہ فنڈ ختم کر دیئے گئے ہیں۔ ان میں وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیاں سیکرٹ فنڈ استعمال کرسکیں گی تاہم آئین پاکستان کے آرٹیکل 170 کی سب کلاز 2 کے مطابق ایجنسیوں کے خفیہ فنڈزکا آڈٹ کروایا جائے گا، اس سلسلے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو یہ ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔

وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی وزارت خفیہ فنڈ استعمال نہ کرے۔ خفیہ ادارے بھی اپنے فنڈز آڈ ٹ کروائیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق امریکا اور برطانیہ کے سفارتخانوں کے سیکرٹ فنڈز بھی ختم کر دیئے گئے ہیں۔16 وزارتوں کے خفیہ فنڈ ختم کرنے سے حکومت کو6 ارب روپے کی بچت ہو گی۔