سکیورٹی خدشات: کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند

Mobile Phone Service

Mobile Phone Service

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں آج اور کل موبائل فون سروس صبح 8 سے رات 12 بجے تک بند رہے گی۔ سندھ حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ اور پی ٹی اے کو لکھے گئے خط میں 9 اور 10محرم کو مکمل، جبکہ 8 محرم کو صرف جلوس کے راستوں اور حساس مقامات انچولی، کھارادر، گلستان جوہر میں موبائل سروس معطل رکھنے کی سفارش کی گئی تھی تاہم حکومت نے ان مقامات کے ساتھ ساتھ پورے شہر میں موبائل فون سروس بند کرا دی۔ پیشگی اطلاع کے بغیر موبائل فون سروس بند ہونے سے شہریوں کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد، خیرپور سکھر، لاڑکانہ، شکارپور اور جیکب آباد میں بھی 8 محرم الحرام کو موبائل فون سروس معطل رہی، جبکہ بہاولنگر، فیصل آباد، کوئٹہ، گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں میں بھی موبائل فون صبح سے ہی خاموش کرا دیے گئے ۔ سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق آج 9 محرم اور اتوار 10 محرم الحرام کو بھی صوبے بھر میں موبائل فون سروس صبح 8 سے رات 12بجے تک معطل رکھی جائے گی۔

دوسری جانب محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے کراچی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، جبکہ صوبے میں دو ماہ کیلئے اسلحہ کی نمائش اور فورسز کی گاڑیوں سے مماثلت رکھنے والی گاڑیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے، مختلف علاقوں میں سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔ 9 اور 10 محرم کے مرکزی جلوس نشترپارک سے نکالے جائیں گے، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہونگے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی آج نویں محر م کے جلوس برآمد ہونگے جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کل دس محرم الحرام کو اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہونگے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ 9محرم الحرام کو لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، بہاولنگر، ڈی جی خان میں موبائل سروس جزوی طور پر جبکہ کل دس محرم الحرام کو مکمل بند رہیگی۔

اسلام آباد میں نویں محرم کے جلوس کی وجہ سے جی سکس سے ملحقہ علاقوں میں موبائل سروس صبح 10بجے سے لیکر جلوس کے خاتمہ تک بند رہے گی۔ ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہونگے۔ وزارت داخلہ میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل پورے ملک میں سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔ لاہور، پشاور سمیت دیگر شہروں میں 9 اور دس محرم کو ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی۔

جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔