سینیٹ انتخابات: متحدہ کے دونوں دھڑوں کا پانچ امیدواروں پر اتفاق

Khalid Maqbool - Farooq Sattar

Khalid Maqbool – Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) سینیٹ انتخابات کیلئے متحدہ کے دونوں دھڑوں کے درمیان بیرسٹر فروغ نسیم اور کامران ٹیسوری سمیت پانچ امیدواروں پر اتفاق ہو گیا ہے، فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی نے دیگر معاملات بھی جلد طے ہونے کی امید کی ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنماؤں کے درمیان اختلافِ رائے تھا لیکن ہم براہ راست ایک دوسرے سے رابطے میں رہے جبکہ ہمارے درمیان ثالثی اور مصالحت کا عمل چلتا رہا، اسی بات چیت کے نتیجے میں ہم نے سینیٹ الیکشن کے معاملے میں اتفاق رائے پیدا کیا ہے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ پارٹی تقسیم ہو۔ اس حوالے سے میں خالد مقبول کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہمیں یقین ہے کہ اگلے مرحلے کو بھی حل کر لیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے ہمارے پانچ امیدوار ہیں۔ جنرل نشستوں بیرسٹر فروغ نسیم اور کامران ٹیسوری، ٹینوکریٹ کی نشست پر عبدالقادر خانزادہ، خواتین کی نشست پر ڈاکٹر نگہت شکیل اور اقلیت کیلئے ہمارے امیدوار سنجے پروانی ہونگے۔ ہمیں امید ہے کہ سینیٹ کی پانچوں نشستوں پر ہمارے امیدوار کامیاب ہونگے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول کا کہنا تھا کہ میں یہاں ایک بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ سینیٹ کی جنرل نشست کیلئے ہمارے امیدوار بیرسٹر فروغ نسیم جبکہ فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری ہونگے۔ تاہم سینیٹ کیلئے ایم کیو ایم کے تمام امیدواروں کو ہماری سپورٹ حاصل ہو گی۔