شاہد خاقان کٹھ پتلی وزیراعظم، ایک اور این آر او کی کوشش ہو رہی ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں، کیوں نکالا کا ڈرامہ چل رہا ہے، کوشش کی جا رہی ہے این آر او مل جائے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا لودھراں کے الیکشن میں پیسے خرچ کئے گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انسداد دہشتگردی عدالت کے جتنے میرے چکر لگ رہے ہیں میں بھول گیا ہوں، یہ تمام کیسز بہت مزاحیہ ہیں، سیاسی احتجاج پر دہشت گردی کے مقدمات بن گئے، میرے خلاف کیسز سرا سر غیر جمہوری عمل ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف مغل اعظم ہیں، کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، عام شہری ہوں ، قانون ہم جیسے شہریوں کیلئے ہے، ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ قیمے کے نان کھلا کر جلسے کیے جا رہے ہیں، خادم اعلیٰ لوگوں کو پولیس کے ذریعے قتل کراتے ہیں کوئی انہیں نہیں پکڑتا۔ انہوں نے کہا کرپشن کے مافیا کے پاس وقت نہیں کہ خارجہ پالیسی کو دیکھے، پاکستان کا نام دنیا کی دہشتگردی کی واچ لسٹ میں آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا علی ترین نے بہترین انتخابی مہم چلائی ، اس پر علی ترین کو داد دیتا ہوں۔