شوال : پاک فضائیہ کا آپریشن، 21 دہشتگرد مارے گئے

Jet Plane Attack

Jet Plane Attack

شوال (جیوڈیسک) پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں اور آرمی ایوی ایشن کے گن شپ ہیلی کاپٹروں کا شوال میں مشترکہ آپریشن جاری ۔ رات سے جاری آپریشن میں اب تک 21 دہشت گرد مارے گئے ، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ زمینی فورسز فرار ہوتے دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہیں۔

شوال کے انتہائی دشوار گزار علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں تیزی آگئی ۔ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں اور پاک فوج کی آرمی ایوی ایشن کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شوال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب شروع ہونے والی کارروائی میں اب تک 21 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔

فضائی آپریشن کے ساتھ ساتھ علاقہ میں زمینی آپریشن بھی جاری ہے اور پاک فوج فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہے اور علاقہ میں اہم پہاڑیوں اور گزرگاہوں پر پاک فوج نے قبضہ کرلیا ہے۔