اسپینش فٹبال لیگ میں میسی کی ہیٹ ٹرک، بارسلونا نے 25ویں بار ٹائٹل جیت لیا

Messi

Messi

بارسلونا (جیوڈیسک) سپینش فٹبال لیگ میں بارسلونا نے میسی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت 25ویں بار ٹائٹل جیت لیا۔ بارسلونا نے میسی کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت 25 ویں بار اسپینش لیگ کی ٹرافی قبضے میں کرلی، اگرچہ ٹیم کے موجودہ سیزن میں ابھی 4 میچز باقی ہیں، بارسلونا نے گزشتہ دن ڈیپورٹیو لاکرونا کے خلاف 2-4 سے کامیابی سمیٹ کر 86 پوائنٹس جوڑ کر ٹاپ پوزیشن یقینی بنالی، ڈیپورٹیو لاکرونا سے مقابلے کی شروعات بھی عمدہ رہی، کھیل کے چھٹے منٹ میں فلپ کوٹینہو نے گیند کو جال میں پہنچاکر بارسلونا کو برتری دلوائی۔

میسی نے 38ویں منٹ میں گول داغ کر ٹیم کی برتری 0-2 کردی، تاہم اس کے دو منٹ بعد ہی ڈیپورٹیو لاکرونا کے لوکاس پیریز نے خسارہ کم کردیا، پہلے ہاف کا اختتام 1-2 سے بارسلونا کے حق میں ہوا، کھیل کے دوسرے ہاف میں حریف ٹیم نے مربوط حکمت عملی اپنائی اور پے درپے بارسلونا کے گول پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں کھیل کے 63ویں منٹ میں ترکش پلیئر ایمرے کولیک نے گول بناکر مقابلہ 2-2 کردیا، اختتامی 10 منٹ میں میسی کا جادو سر چڑھ کر بولااور انھوں نے 81 اور84 ویں منٹوں میں گیند کو جال میں پہنچاکر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، بارسلونا کو دوسرے نمبر پر موجود ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف 11 پوائنٹس کی فیصلہ کن برتری مل گئی، ایٹلیٹکو کے اب تین میچز باقی ہیں۔