سپیکر قومی اسمبلی کا پانامہ کے ذکر پر پابندی عائد کرنا ن لیگی پالیسیوں پرعمل پیرا ہونے ہے

PTI

PTI

فیصل آباد (نامہ نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی کاغیر سنجیدہ رویہ اور پانامہ کے ذکر پر پابندی عائد کرنا ن لیگی پالیسیوں پرعمل پیرا ہونے کا واضح ثبوت ہے، عمران خان جو سڑکوں پر آنے کی دعوت دے رہے ہیں ملک بھر کے عوام کی دلی خواہش ہے کیونکہ ایسے ایوان جو یکطرفہ حمایت شروع کردیں وہاں انصاف ممکن نہیں۔

تنخواہ قومی خزانے سے حاصل کرکے سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی کرنا جمہوریت نہیں ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف فیصل آباد کے رہنماء راجہ ضرار سجاد نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق جنہوں نے ایک مرتبہ دھاندلی ثابت ہونے کے بعد جب انتخابات میں دوبارہ حصہ لیا تو تمام حکومتی مشینری کے ساتھ انہیں دھاندلی کا سہارا لینا پڑا اور ان کی شریف خاندان سے وفاداریاں سیاست تک محدود رہتی تو بات کچھ اور تھی۔

جبکہ انہوں نے اپنے اختیارات کو اس وفاداری کی بھینٹ چڑھاتے ہوئے پہلے عمران خان کیخلاف ریفرنس منظور جبکہ میاں نواز شریف کیخلاف ریفرنس مسترد کیا جس سے ان کے سیاسی آقاؤں کی خوشامد تمام نہ ہوئی تو اب انہوں نے پارلیمانی کمیٹیوں میں پانامہ لیکس کے ذکر پر پابندی عائد کردی ہے جو کہ شریف خاندان کی نوکری کے سوا کوئی اور معامل نہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف جو بھی لائحہ عمل احتجاج کیلئے بنائیں گے پوری افرادی قوت کے ساتھ فیصل آباد کی مقامی قیادت کے ہمراہ شرکت کریں گے اور یہ احتجاج اب حکمرانوں اور ان کے ہمراہیوں کے احتساب تک رکنے والا نہیں۔