حکومت کا سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2012 واپس لینے کا اعلان

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی :حکومت نے سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2012 واپس لینے کا اعلان کر دیا جس کے بعد لوکل گورنمنٹ آرڈی نینس 1979 بحال ہو گیا۔ متحدہ کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ سندھ کے لوگوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ہے ۔

وزیر قانون ایاز سومرو نے سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈی نینس دوہزار بارہ واپس لینے کا اعلان کیا تو سندھ اسمبلی میں ایک ہنگامہ برپا ہو گیا اور ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ ایم کیوایم کے تمام ارکان اسمبلی نے اسپیکر ڈائس کے سامنے آ کر نامنظور، نامنظور کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔ سینئر صوبائی وزیر پیر مظہرالحق کا کہنا تھا کہ متحدہ میں اخلاقی جرات ہوتی تو ہماری بات بھی سنتے ۔ ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری نے کہا ضیاالحق کا آرڈیننس دستور کے آرٹیکل 140 اے دستور کی خلاف ورزی ہے۔فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کی پیٹھ میں چھراگھونپاگیا متحدہ مقامی سطح پر اختیارات لانا چاہتی تھی۔بعد ازاں ایم کیو ایم نے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس واپس لیے جانے کے خلاف اسمبلی سے واک آٹ کیا۔