سوئٹزر لینڈ کے قصبے مونٹ پیلیرین میں جاری مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، بانکی مون

Ban Ki Moon

Ban Ki Moon

سوئٹزر لینڈ (جیوڈیسک) مسئلہ قبرص کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی سوئٹزر لینڈ کے قصبے مونٹ پیلیرین میں جاری مذاکرات مثبت پیش رفت کی جانب گامزن ہیں۔

سفارتی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مذاکرات میں شرکت کی غرض سے مونٹ پیلیرین آنے والے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر مصطفیٰ آکنجی اور قبرصی یونانی رہنما نیکوس اناستاسیا دس کیساتھ ملاقات کی ۔مذاکرات میں سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے قبرص ایسپن بارتھ عائدے بھی موجود تھے۔

بات چیت کے دوران بانکی مون نے 2016 ختم ہونے سے پہلے مسئلہ قبرص کو حل کرنے کی اہمیت کیطرف توجہ مبذول کروائی اور قبرص کے دونوں رہنماؤں کی بھر پور کوششوں اور نیک نیتی کیوجہ سے ان کا شکریہ ادا کیا۔

سیکریٹری جنرل بانکی مون نےواپسی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں لیڈروں کے درمیان 18 ماہ سے جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔

قبرص مذاکرات 11 نومبر تک جاری رہیں گے ۔ ان مذاکرات میں انتظامیہ ، قوت کی تقسیم ،ملکیت ،یورپی یونین اور اقتصادیات جیسے معاملات پر غورو خوض کیا جائے گا۔