انسداد دہشتگردی کے لیے علاقائی و عالمی تعاون ضروری ہے:ایردوان

Tayyip Erdoan

Tayyip Erdoan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ علاقائی و عالمی تعاون انسداد دہشتگردی کے لیے اہم ہے۔

صدر نے ترکمانستان میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم کے پندرہویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انسداد دہشت گردی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں پی کے کے، وائی پی جی،فیتو اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے سے امن و استحکام کی فضا اور اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔

صدر نے مسئلہ قبرص کے حوالے سے کہا کہ اس کا حل قبرصی ترک عوام کی بق اور مساوی عالمی حیثیت کی نمائندگی سے ممکن ہو سکے گا ،میں تمام دوست و برادر ممالک سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ شمالی قبرص کے سیاسی حل کے لیے کوششیں کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں مواصلاتی ڈھانچے کے فروغ کے لیے بلا تعطل کوششیں جاری ہیں اور ضروت اس بات کی ہے کہ تجارتی حجم کو سو ارب ڈالرز تک پہنچایا جائے،افغانستان میں انسانی و اقتصادی بحران شدت اختیار کر چکا ہے جس کے لیے وہاں ایک منظم انتظامی ڈھانچے کی تشکیل ضروری ہے جبکہ پناہ گزینوں کے مسئلے سے نبرد آزمائی کے لیے اقتصادی کوششیں تیز کرنا ہونگی۔

صدر ایردوان نے کہا کہ آذربائیجان کی جانب سے خطے میں اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں جبکہ ترکی اپنے بردار ممالک کے ساتھ تعاون کو جاری رکھے گا۔