دہشتگردی کیخلاف مسلم ممالک کا اتحاد خوش آئند ہے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے دہشتگردی کے خلاف مسلم ممالک کا اتحاد خوش آئند قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ سے بات چیت مفید رہی۔ افغانستان اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے۔

وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عرب اسلامی کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ سمیت چھ ممالک کے سربراہان سے مفید بات چیت ہوئی۔ مغرب کی طرح مسلم ممالک کو بھی دہشتگردی کے خلاف صف آرا ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلم ممالک کے اتحاد کو خوش آئند قرار دیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا دہشتگردی نے پاکستان میں 24 ہزار جانیں لیں ، 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

دہشتگرد ایک مسلم ملک سے دوسرے اور پھر مشرق وسطیٰ چلے جاتے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ بھی اپنی سر زمین پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے نماز عصر مسجد نبویﷺ میں ادا کی۔ انہوں نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔