وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔ جے یوپی

JUP

JUP

کراچی: مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر دیگر معاملات آگے بڑھانے کی سوچ نے ہی کشمیر کا ز کو نقصان پہنچایا ہے ۔ مسئلہ کشمیر کا تنازعہ حل کئے بغیر بھارت سے تعلقات استوار نہیں ہوسکتے، وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیاجائے۔

ان خیالات کااظہار جمعیت علما ء پاکستان کے تحت جمعہ کو ملک بھر میں منائے گئے یوم اظہار یکجہتی کشمیر کے موقع پر جے یوپی کے مرکزی سیکریٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی نے اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ اس موقع پر جے یوپی کراچی ڈویژن کے ناظم اعلیٰ محمد مستقیم نورانی نے میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے باہر کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے قاتل مودی سے دوستی پاکستانیوں کو قبول نہیں ۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پر نام نہاد این جی اوز کو سانپ سونگھا ہواہے انہی مواقعوں پر محب وطن اور بیرونی آلہ کار پہچانے جاتے ہیں ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارت جان لے ، پاکستان سے کشمیر کا اور کشمیریوں کا پاکستانیوں سے فطری تعلق ہے جسے ختم نہیں کیاجاسکتا۔ مظاہرے سے جے یوپی کے رہنما ء عبدالرزاق سانگانی ، محمد وزیر رہبر، سید عرفان نورانی نے بھی خطاب کیا جبکہ حاجی فاروق نورانی، نوید نورانی، محمد تاج نورانی ، غلام فرید سلویٰ ، محمد یوسف سایانی ودیگر بھی شریک تھے۔ علاوہ ازیں جے یوپی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد صدیق راٹھور، کراچی ڈویژن کے صدر مفتی محمد غوث صابری، فدائیان ختم نبوت کے مفتی عبدالحلیم ہزاروی، مرکزی جماعت اہلسنت کراچی کے نائب امیر مفتی تاج الدین نعیمی، ناظم اعلیٰ علامہ قاری فیاض سعیدی اور کراچی کے تمام اضلاع میں جے یوپی کے رہنمائوں اور علماء کرام نے جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے خطاب میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی پُرزور مذمت کی اجتماعات میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیریوں کی حمایت اور مدد میں کوئی کسر باقی رکھے بغیر ہرعالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا جائے اور اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کی مہم کو تیز کیاجائے اور بھارت کے مکروہ کردار پر بھرپور احتجاج سرکاری سطح پر ریکارڈ کرایاجائے۔