سیاحوں کا قتل پاکستان پر حملہ، فوجیوں کی بھی چیکنگ ہوگی

Chaudhry Nisar Ali Khan

Chaudhry Nisar Ali Khan

پاکستان چیکنگ(جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کا قتل پاکستان پر حملہ ہے، افسوسناک واقعہ کے بعد چیف سیکرٹری اور آئی جی گلگت بلتستان کو معطل کر دیا، دونوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ اب کوئی فوجی بھی بغیر چیکنگ ریڈ زونز میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ اسلام آباد سپیکر سردار ایاز صادق کے زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ کل رات ایک بجے فیری میڈوز میں بونر نالے کے قریب بیس کیمپ پر دہشتگرد آئے اور فائرنگ کرکے 9 غیر ملکی سیاحوں اور 2 پاکستانیوں کو قتل کر دیا۔

سیاحوں کو قتل کرنے والے دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی یونیفارم پہنی ہوئی تھیں۔ جی ایچ کیو پر جب حملہ ہوا تو وہاں بھی دہشتگرد فوجی وردیوں میں ملبوس تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حساس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے۔ ہمیں ذمہ داروں کا تعین کرنا ہوگا۔ اداروں کو دو قدم آگے بڑھ کر کارروائی کرنا ہوگی۔

سیکیورٹی فورسز کو واقعات سے نمٹنے کے لئے انتظامات کرنا ہونگے کیونکہ پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ اب کوئی فوجی بھی بغیر چیکنگ ریڈ زونز میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی سیاحوں کا قتل پاکستان پر حملہ ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد چیف سیکرٹری اور آئی جی گلگت بلتستان کو معطل کر دیا، دونوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق سیاحوں کی میتوں کو اسلام آباد لانے کے لئے انتظامات کر لئے ہیں۔ وزیر اعظم کی ہدایات پر اس اندوہناک واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔