وچیرا لونگ تھائی لینڈ کے نئے بادشاہ نامزد

 Vajiralongkorn

Vajiralongkorn

تھائی لینڈ (جیوڈیسک) پومی پن ادینا دیچ نے 1946ء میں تخت سنبھالا تھا اور وہ 13 اکتوبر کو اپنے انتقال کے وقت تک بادشاہ رہے۔ وہ دنیا میں طویل ترین عرصے تک بادشاہ رہنے والی شخصیت تھے۔

تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے منگل کو ولی عہد وچیرالونگ کو ملک کا نیا بادشاہ نامزد کر دیا۔

ولی عہد کے والد تھائی بادشاہ پومی پن ادینا دیچ گزشتہ ماہ 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

کابینہ نے 1924 کے قانون کے تحت وچیرالونگ کا نام قومی اسمبلی میں جمع کروایا تھا اور ایک مختصر اجلاس کے بعد ارکان نے انھیں باضابطہ طور پر نیا بادشاہ تسلیم کر لیا۔

قومی اسمبلی کے صدر پھونپچ وچیچوچائی نے کہا کہ “میں چاہتا ہوں کہ سب لوگ نئے بادشاہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کریں۔” ان کے اس بیان کے بعد تمام اراکین اسمبلی نے “بادشاہ زندہ باد” کے نعرے لگائے۔

اسمبلی کے صدر کا کہنا تھا کہ وہ باضابطہ طور پر نئے بادشاہ کو تخت سنبھالنے کے لیے مدعو کریں گے تاہم اس کی تاریخ کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔

چیرالونگ چکری راجشاہی کے دسویں بادشاہ ہوں گے۔ یہ راجشاہی 1782ء میں قائم ہوئی تھی۔

پومی پن ادینا دیچ نے 1946ء میں تخت سنبھالا تھا اور وہ 13 اکتوبر کو اپنے انتقال کے وقت تک بادشاہ رہے۔ وہ دنیا میں طویل ترین عرصے تک بادشاہ رہنے والی شخصیت تھے۔

64 سالہ نئے بادشاہ وچیرا لونگ امور سلطنت میں خاص دلچسپی نہیں لیتے رہے اور ان کے بارے میں تاثر ایک کھلنڈے شخص کا ہے جنہیں اپنے والد کے مقابلے میں ملک میں کم اتنی عزت اور پذیرائی حاصل ہے۔

وہ اب تک تین خواتین کو طلاق دے چکے ہیں جن میں سے ان کے سات بچے ہیں۔ نئے بادشاہ کی رنگین مزاجی کے تذکرے بھی ہوتے رہے ہیں لیکن تھائی لینڈ کے سخت قوانین کی وجہ سے ان پر کبھی کھلے عام بات نہیں ہوئی۔