امریکہ‘ جنوبی کوریا کا میزائل دفاعی سسٹم نصب کرنے پر اتفاق: چین کا احتجاج

China

China

سیول (جیوڈیسک) امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی طرف سے میزائل کے خطرے سے نمٹنے کیلئے جدید دفاعی میزائل نظام نصب کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جنوبی کوریا اورامریکی وزارت دفاع نے سیئول میں ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ میزائل نظام شمالی کوریا کے خطرے سے نمٹنے کیلئے استعمال ہوگا اور کوئی دوسرا ملک اس کا ہدف نہیں ہوگا۔ جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ اس نظام کی تنصیب کیلئے جگہ کاانتخاب کیا جارہاہے اور توقع ہے کہ یہ نظام اگلے سال کے اختتام تک فعال ہوجائے گا۔

امریکہ اور شمالی کوریا کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ’’ دا ٹرمینل ہائی الٹی ٹیوٹ ایریا ڈیفنس‘‘ (ٹی ایچ اے ،اے ڈی) کو شمالی کوریا کی جانب سے میزائل اور تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے محفوظ رہنے کیلئے لگایا جائیگا۔ دوسری طرف چین نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی کوریا میںامریکی میزائل دفاعی نظام کی تنصیب سے شمال مشرقی ایشیاء میں علاقائی سلامتی کو انتہائی نقصان پہنچے گا۔

بیجنگ میں ایک بیان میں وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین اس اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے کیونکہ اس سے چین اور دوسرے علاقائی ملکوں کے تذویراتی سلامتی مفادات کو انتہائی خطرہ ہے۔چین نے امریکہ اور جنوبی کوریا کے سفیروں کو طلب کر کے احتجاج کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا اس اقدام سے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔ اس میزائل سسٹم سے ایشیائی سکیورٹی شدید خطرے میں پڑ جائیگی۔