شہری علاقہ کی گلیاں نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیوریج کا نظام ناکارہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کی پریشانی میں اضافہ

Sewerage System

Sewerage System

وزیرآباد (نامہ نگار) شہری علاقہ کی گلیاں نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیوریج کا نظام ناکارہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کی پریشانی میں اضافہ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر ارباب اختیارسے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ شہر کے پوش علاقہ چیمہ کالونی گلی نمبر6کے مکینوں نے بتایا کہ ایک عرصہ سے ان کے علاقہ کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے نظر انداز کیا جارہا ہے ،مقامی سیاسی قیادت نے علاقہ مکینوں سے کبھی حال پوچھنا بھی گوارہ نہیں کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے انہیں آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے معمولی بارش کے بعد گلی گٹروں اور نالیوں کے پانی سے بھر جاتی ہے جس سے علاقہ مکین گھروں میںمحصور ہوکررہ جاتی ہے دوسری طرف سوئی گیس کی پائپ لائن نہ بچھائی جانے کی وجہ سے شہریوں کو گھر کا چولہا گرم رکھنے پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کا نوٹس لیکر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیرآباد(نامہ نگار)محکمہ انہار کی غفلت سے راجباہوں اور نہروں کو بااثر اافراد نے گندے نالوں میں تبدیل کردیا وزیرآباد کے مختلف نواحی دیہاتوں میں ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کرنے والی نہروں راجباہ دھونکل، جنڈیالہ،مردیکے وغیرہ میں بااثر افراد نے فیکٹریوں،میرج ہالز،پرائیویٹ ہسپتالوں اور رہائشی کالونیوں کا گندا پانی ڈالنا شروع کررکھا ہے خطرناک کیمیکلز ملاپانی اور فضلہ نہری پانی میں شامل ہو کر کھیتوں میں چلا جاتا ہے جہاں کاشت ہونے والی فصلیں انسانی صحت کیلئے لاعلاج بیماریاں پھیلانے کا باعث بنتی ہیں۔ محکمہ انہار کی غفلت کا عالم یہ ہے کہ سخت نہری قوانین کی موجودگی میں بھی قانون شکن افراد کے خلاف کاروائی کرنا گوارہ نہیں کیا جاتا۔ عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے عملہ کی ملی بھگت سے راجباہوں اور نہروں کو کرایہ کی سیوریج لائنوںمیں تبدیل کردیا گیاہے ۔ شہریوں نے ارباب بست وکشاد سے ذمہ دارعناصر کیخلاف فی الفور کاروائی اور نہری پانی کو سیوریج کے گندے پانی سے پاک رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔