3 وزیر ابھی سامنے آنے ہیں، ‘بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے’، رانا ثناء کا وزیر اعظم پر طنز

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے عمران خان کو ازخود مستعفیٰ ہو جانے کا مشورہ دیا ہے ۔

رانا ثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمر ان نیازی قومی اسمبلی کے ارکان کی اکثریت کھو چکے ہیں، وزیراعظم نہیں رہے، آئین کی رو سے اس وقت ملک میں کوئی وزیراعظم نہیں اور کوئی حکومت نہیں، حالات کے پیش نظر بہتر ہوگا کہ عمران نیازی خود گھر چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قانونی طور پر وزیر اعظم نہیں رہے، پولیس اور دیگر ادارے ان کے غیر قانونی احکامات پر عمل کریں گے تو انہیں بھی کل قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

رانا ثناءاللہ نے یہ بھی کہاکہ ابھی تو صرف ٹریلر چلا ہے، فلم چلنا باقی ہے ، ابھی ایم این ایز سامنے آئے ہیں، تین وزیر ابھی سامنے آنے ہیں، ‘بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے’۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمارکا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے33 لوگ مختلف پارٹیوں سے معاملات طےکرچکےہیں، ان 33 لوگوں میں پی ٹی آئی کے3 وزرا بھی شامل ہیں۔