وزیرآباد کی خبریں 9/3/2015

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)خواتین دنیا کی آبادی کا نصف سے زائد ہیں اور موجودہ دور میں مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبہ زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیںشعبہ صحت، بینکاری، پولیس ، جیسے شعبوں کی بات ہو یا روزمرہ ضروریات کی خریداری کا ہی معاملہ ہو خواتین ہر جگہ اپنا کردار ادا کرتی نظر آتی ہیںآٹھ مارچ کو عالمی سطح پر خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے اس حوالہ سے گزشتہ روز بھی دنیا بھر میں سیمینارز اورریلیوں کا انعقاد کیا گیااورخواتین کے حقو ق کے حصول اور تحفظ کے بلند وبانگ دعوے کئے گئے ۔خانہ بدوش خواتین بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں جو صدیوں سے ظلم جبر اور مشقتوں کے مصائب والام برداشت کررہی ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے موقعہ پر وزیرآباد ریلوے لائنوں کے قریب جھگیوں میں مقیم خانہ بدوش عورتوں نے زمانہ کی ستم ظریفی اورمسائل کا رونا روتے ہوئے بتایا کہ کوئی بھی ان کی مدد کیلئے تیار نظر نہیں آتا۔ان کے بچے بھی تعلیم اور تحفظ کے حقدار ہیں، انہیں بھی چھت کا آسرا اور عزت چاہیئے معمولی بارش میں انہیں اپنے بال بچوں سمیت بھیگ کر ٹھٹھر کر جاگتے ہوئے راتیں گزارنا پڑتی ہیں، علاج معالجہ کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں ذلیل وخوار ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گھریلو ذمہ داریوں کیساتھ ساتھ اپنے بال بچوں کے رزق کیلئے محنت بھی کرتی ہیں مگر چھت کا آسرا نہ ہونے کی وجہ سے معاشرے میں ان کی کوئی عزت نہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف، وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بھی چھت کا آسرا دیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) نااہل لائن سپرنٹنڈنٹ کی کارستانی، اسسٹنٹ لائن مین جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ طوفانی بارش کے نتیجہ میں سب ڈویژن نمبر2 کے پپلی والا فیڈر پر فالٹ آگیا اور کوٹ آرائیاں سمیت مختلف علاقوں کی بجلی بند ہوگئی۔ پپلی والا فیڈر کا انچارج لائن سپرنٹنڈنٹ جنید چٹھہ اپنے ہمراہ اسسٹنٹ لائن مینوںوحید صابر اور ساجد بٹ کو لیکرفالٹ دور کرنے گیا اور بغیر محکمانہ پرمٹ کے ڈی فیوز اتار کر اسسٹنٹ لائن مین ساجد بٹ کو کھمبے پر چڑھنے کا کہا جس نے انکار کردیا بعدازاںلائن سپرنٹنڈنٹ کے حکم پرنواحی علاقہ ابوالفتح والی کا رہائشی 35سالہ وحید صابر الیون کے وی پول پر چڑھ کر فالٹ تلاش کرنے لگا کہ پیچھے سے بجلی چالو کردی گئی الیون کے وی کرنٹ کا جھٹکا لگنے سے وحید صابر موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ مرحوم 5سال قبل واپڈا میں بھرتی ہوا جو ریٹائرڈ واپڈا ملازم کا بیٹا تھا جبکہ مرحوم کا بڑا بھائی غلام سرور اسی سب ڈویژن میں لائن مین تعینات ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مرحوم کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی ۔ ایس ڈی او سب ڈویژن نمبر2 چوہدری محمد اشرف سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ واقعہ لائن سپرنٹنڈنٹ کی نااہلی اور غفلت کے باعث پیش آیا ہے ایکسیئن طارق محمود ملک اس واقعہ کی خود تحقیقات کررہے ہیں واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔