ورلڈ نمبر ون ٹیم جنوبی افریقا چیمپئنز ٹرافی سے باہر

South Africa vs India

South Africa vs India

لندن (جیوڈیسک) کنیگٹن اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بھارتی ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے بھارت کو جیت کیلئے 192 رنز کا آسان ہدف دیا، جسے اس نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارتی ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت شرما تھے جنہوں نے صرف 12 رنز بنائے۔ اس کے بعد شیکھر دھون اور کپتان ویرات کوہلی کی جوڑی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے قریب کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 150 سے زائد رنز تک پہنچایا۔ انڈین ٹیم کی دوسری وکٹ 151 کے سکور پر گری جب شیکھر دھون ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنا کیچ دے بیٹھے۔ شیکھر دھون نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی میدان میں ڈٹے رہے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ بھارتی ٹیم نے صرف 38ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل انڈین کھلاڑیوں نے اپنی زبردست باؤلنگ اور فیلڈنگ سے جنوبی افریقا کی اننگز کو صرف 191 رنز تک محدود کر دیا تھا۔ کونٹن ڈی کوک 53، ہاشم آملہ 35 اور فاف ڈوپلیسی 36 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکا۔ شائقین کرکٹ کو پروٹیز سے جس کھیل کی امید تھی وہ پیش نہ کر سکے۔

انڈین کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر ساؤتھ افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کونٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ میدان میں اترے اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 76 کے سکور پر گری جب ہاشم آملہ روی چندرن ایشون کی گیند پر کٹ شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر دھونی کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔ ہاشم آملہ اعتماد سے بلے بازی کر رہے تھے تاہم قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا، انہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کونٹن ڈی کوک اور فاف ڈو پلیسی نے بھی اعتماد سے بیٹنگ کی اور سکور کو 100 سے زائد تک پہنچایا۔ جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 116 کے سکور پر گری جب کونٹن ڈی کوک انڈین باؤلر جدیجہ کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ڈی کوک نے 4 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ اس کے بعد جنوبی افریقی بلے بازوں کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح جھڑنے لگیں۔ کپتان اے بی ڈویلیرز غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں صرف 16 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ کے نقصان پر ساؤتھ افریقا کا سکور 140 رنز تھا۔ جنوبی افریقا کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیود ملر تھے جن کی وکٹ بھی غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں گری۔ پانچویں وکٹ فاف ڈوپلیسی کی تھی جنہوں نے 36 رنز بنائے۔

پانڈیا نے انھیں بولڈ کر کے پویلین کی راہ کھائی۔ چھٹی وکٹ 167 پر گری جب نئے کھلاڑی کرس مورس صرف 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقا کی ساتویں وکٹ 178 پر گری جبکہ آٹھویں اور نویں وکٹ 184 کے سکور پر گری۔ پروٹیز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران طاہر تھے جنہوں نے صرف ایک رن بنایا۔ کپتان کوہلی کی تھرو پر دھونی نے انھیں رن آؤٹ کیا۔ یوں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم چوالیس اعشاریہ تین اوورز میں صرف 191 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

انڈیا کی جانب سے بھونیشور کمار اور جسپریت بومرا دو، دو وکٹیں حاصل کر کے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ایشون، پانڈیا اور جدیجہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

بھارتی ٹیم جنوبی افریقا جیسی ورلڈ نمبر ٹیم کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ بنگلادیش کے ساتھ ہوگا۔