افغان کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنے سے انکار

Afghan cricket team

Afghan cricket team

کراچی (جیوڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حالیہ عمدہ کارکردگی نے افغان بورڈ کے مزاج بھی بدل دیئے اور خود خانہ جنگی کا شکار ملک نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں افغانستان ٹیم کی کارکردگی کافی بہتر رہی اور ٹیم نے اپنے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست سے بھی دوچار کیا، مگر اس کے ساتھ ہی اس کے مزاج بھی تبدیل ہوگئے، بورڈ نے سیکیورٹی کا عذر پیش کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ آفیشل نے میڈیا سے بات چیت میں تصدیق کی کہ بورڈ سیکیورٹی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرچکا، البتہ اس حوالے سے باقاعدہ اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔
افغانستان خود عرصہ دراز سے خانہ جنگی کا شکار جب کہ اس کی کرکٹ ٹیم ماضی میں اس وقت بھی پاکستان کا دورہ کرتی رہی جب یہاں پر حالات کافی خراب تھے، مگر اب جب کہ صورتحال بہتر ہوچکی اور پی سی بی ورلڈ الیون کی میزبانی کی کوششیں کررہا ہے، ایسے میں اچانک افغانستان بورڈ نے ہی پاکستان کی سیکیورٹی پر اعتراض جڑ دیا، وہ خود اپنے ملک میں ابتر صورتحال کی وجہ سے شارجہ کو اپنا ہوم گراؤنڈ بنائے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ پروگرام کے تحت افغان ٹیم کو پاکستان کے دورے میں 2 چار روزہ میچز اور 3 ون ڈے کھیلنا تھے مگر بعد میں اس ٹور کو صرف 3 ایک روزہ میچز تک محدود کردیا گیا جو اپریل میں منعقد ہونا تھے۔ اس سیریز کیلیے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم سے رابطہ نہیں کیا گیا کیونکہ پی سی بی حکام میچز کا اپنے ملک میں انعقاد چاہتا تھا۔