افغانستان میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے 10 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک

Afghanistan Blast

Afghanistan Blast

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے صوبہ ہرات میں گیس سلینڈروں کی ترسیل کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 10 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان صوبے ہرات میں گیس سیلنڈرز سے بھرے ٹرک میں اس وقت دھماکا ہوا جب ٹرک ایک کچی بستی سے گزررہا تھا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ٹرک میں آگ لگ گئی اوروہ کچی بستیوں میں موجود کیمپوں پر جاگرا، حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی، ہلاک ہونے والوں میں 10 بچے ہیں۔

اسپتال کے ترجمان رفیق شیرازی کا کہنا ہے کہ اس اندوہناک حادثے میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4 کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس چکا تھا، چاروں کو علاج کے لئے ایران لے جایا گیا ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

افغانستان میں گھریلو ضروریات کے لیے قدرتی گیس کے سلینڈر کا استعمال عام ہے لیکن ان سے حادثے عام نہیں اور اس واقعے کو غیرمعمولی قرار دیا جارہا ہے۔