اظہر علی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان برقرار

Azhar Ali

Azhar Ali

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مطابق اظہر علی ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

سیریز کے پہلے دو میچز 30 ستمبر اور دو اکتوبر کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے پانچ اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھنے کے باضابطہ اعلان کے بعد وہ قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں جو انھیں کپتان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بارے میں انگلینڈ کے دورے کے بعد سے جاری تھیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں چار میچوں کے مقابلے میں ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اظہر علی نے اب تک 25 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کی ہے جن میں سے صرف نو میں انھیں کامیابی حاصل ہوئی ہے

اس نتیجے کے بعد اظہرعلی کی قیادت پر خاصی تنقید ہوئی تھی اور پاکستانی ذرائع ابلاغ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کے بارے میں غور کر رہا ہے لیکن پھر یہ خبریں آئیں کہ کوچ مکی آرتھر نے انھیں ایک اور موقع دینے کے لیے کہا ہے۔

اظہرعلی کو گذشتہ سال ورلڈ کپ کے بعد مصباح الحق کی جگہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی تاہم وہ اس ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خاطر خواہ نتائج نہیں دے پائے ہیں۔

ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف دو جبکہ سری لنکا اور آئرلینڈ کے خلاف ایک ایک سیریز جیت پائی ہے جبکہ اسے انگلینڈ کے خلاف دو جبکہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف ایک ایک سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اظہر علی نے اب تک 25 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کی ہے جن میں سے صرف نو میں انھیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پندرہ میچوں میں انھیں شکست ہوئی ہے اور ایک میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا ہے۔