کپتان بنتے ہی اظہر علی کی رینکنگ کو پر لگ گئے

Azhar Ali

Azhar Ali

دبئی (جیوڈیسک) ون ڈے کپتان بنتے ہی اظہر علی کی رینکنگ کو پر لگ گئے، اوپنر نے ایک ساتھ 24 درجے چھلانگ لگا کر کیریئر بیسٹ 56 ویں نمبر پر رسائی حاصل کر لی، بیٹنگ میں2 سیڑھیاں اوپر چڑھنے والے حفیظ کو بولنگ میں ناقص کارکردگی نے ٹاپ 20 سے آؤٹ کردیا، وہاب ریاض کی رینکنگ میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے، سعید اجمل بغیر کھیلے تنزلی کا سامنا کررہے ہیں۔

اظہر علی جب سے ون ڈے ٹیم کے کپتان بنے ان کی بیٹنگ میں کافی نکھار آگیا ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز میں بھی انھوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تین میچز میں اظہر نے 227 رنز بنائے، جس کی وجہ سے 24 درجے بہتری کے بعد وہ کیریئر بیسٹ 56 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے، حارث سہیل کو بھی ایک ساتھ 17 درجے کی ترقی حاصل ہوئی جس سے وہ 57 ویں نمبر پر آگئے۔

حفیظ کو 2درجے بہتری نے 32 ویں نمبر پر پہنچا دیا تاہم بولنگ میں ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، اس وجہ سے وہ8 درجے نیچے 25 ویں نمبر پر چلے گئے۔ ساتھی کھلاڑی وہاب ریاض کی عمدہ کارکردگی اور رینکنگ میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے، انھیں زمبابوے سے سیریز کے بعد 13 درجے ترقی ملی جس سے اب52 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔