چیئرمین پی آئی اے ذاتی وجوہات کی بناء پر مستعفیٰ

Azam Saigol

Azam Saigol

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی ایئر لائنز پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اعظم سہگل کا کہنا ہے کہ انہوں نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بناء پر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ، پی کے 661 کے چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے قریب ایک پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا جس میں ملک کے معروف نعت خواں جنید جمشید، تین غیرملکیوں اور ڈی سی چترال اور ان کے اہلخانہ سمیت 47 افراد ہلاک سوار تھے۔

طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد ان تمام افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا تھا۔

پی کے 661 کو پیش آنے والے حادثے کے بعد چیئرمین پی آئی اے پر بہت دباؤ تھا اور انہیں جہازوں کی منٹیننس پر توجہ نہ دینے کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

اعظم سہگل کے استعفے سے متعلق ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے کہا ہے کہ استعفیٰ منظور یا مسترد کرنے کا فیصلہ بورڈ کرے گا۔ دریں اثناء ترجمان پی آئی اے نے اعظم سہگل کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

سانحہ حویلیاں کے بعد بیوروکریسی چیئرمین پی آئی اے سے ناراض تھی۔ دریں اثناء اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کرنے سے قبل بھی انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔