تجاوزات کے خلاف آپریشن مین بازار سے درجنوں غیر قانونی تعمیرات اور سینکڑوں تجاوزات کا خاتمہ

Extensions Operations

Extensions Operations

کراچی : ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کورنگی وسیم الدین اور اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل ولی محمد بلوچ کی نگرانی میں شاہ فیصل کالونی نمبر1مین بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈآپریشن کے دوران شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات و رکاوٹوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی اور علاقہ پولیس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کورنگی کے افسران وعملے نے حصہ لیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران شاہ فیصل کالونی اے ون چوک تا شاہ فیصل کالونی نمبر1ٹنکی مین بازار روڈ سے شاہراہوں اور فٹ پاتھوں سے درجنوں غیر قانونی تعمیرات سمیت سینکڑوں تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کورنگی وسیم الدین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات اور کمشنر کراچی کی خصوصی ہدایت پر ضلع کورنگی کی حدود میں آخری تجاوزات کے خاتمے تک مہم جاری رکھا جائیگا۔

انہوں نے عوام خصوصاً تاجر برادری سے کہا ہے کہ وہ تجاوزات قائم کرکے علاقائی خوبصورتی کو بگاڑنے والوں کا محاسبہ کریں تاکہ تجاوزات کی روک تھام کو یقینی بنا ئی جاسکے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل ولی محمد بلوچ نے کہاکہ تجاووزات اور سڑکوں فٹ پاتھوں پر غیر قانونی تعمیرات نہ صرف علاقائی خوبصورتی پر بدنما داغ بلکہ علاقائی ترقی اور عوامی سہولت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔