ایف بی آر کا دو نئے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ بنانے کا فیصلہ

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں منی لانڈرنگ اورٹیکس چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کیلیے دو نئے ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کو ایف بی آرکی جانب سے تجاویز پر مشتمل لیٹر موصول ہوا ہے جس میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیوکراچی اور ڈائریکٹوریٹ ان لینڈ ریونیوگوجرانوالہ کے نام سے مزید دو نئے ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس چوری و ٹیکس فراڈکی روک تھام کیلیے 2011 میں ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو بھرپور طریقے سے فیلڈ فارمشنزکی مدد و سپورٹ کر رہا ہے۔

دوسری جانب رواں مالی سال 2016-17کے دوران اس ڈائریکٹوریٹ کو بہت سی اضافی ذمے داریاں دی گئی ہیں،لاہور اورکراچی ڈائریکٹوریٹ پر بوجھ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے تاہم کراچی اور لاہورڈائریکٹوریٹ کی حدود میں آنے والے علاقوں میں بڑے پیمانے پر نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ دو نئے ڈائریکٹوریٹ قائم کیے جائیں۔