فلم ’کابل ‘کی پروموشن اور ریلیز کیلئے انتظامات مکمل

Kabul

Kabul

ممبئی (جیوڈیسک) راکیش روشن اور ان کے بیٹے ریتیک روشن اپنی نئی آنے والی تھرلر ایکشن فلم کابل کی ریلیز کی تیاریوں کیلئے سرگرم ہیں۔ڈائریکٹرسنجے گپتا کی فلم آئندہ برس جنوری میں سینما گھروں میں نمائش کیلئے تیار ہے مگر اس کے ٹیزر اور ٹریلر نے پہلے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے،فلمساز فلم کی پروموشن کے حوالے سے اپنی حکمت عملی منظر عام پر لے آئے ہیں جو ان کی ٹیم فلم کی پروموشن کیلئے استعمال کرے گی۔

راکیش روشن نے کہا کہ ہم جو کام پہلے سے کررہے ہیں انہیں جاری رکھیں گے،ہم نہ زیادہ پروموشن کریں گے اور نہ کم، صرف پروموشن کافی نہیں ہوتی،فلم کا اچھا ہونا بھی ضروری ہے۔

راکیش روشن نے اعتماد سے مزید کہا کہ ہم نے اپنی فلم کی ریلیز کیلئے پہلے سے فیصلہ اور انتظامات کررکھے ہیں، ہمارے پاس فلم کی نمائش کیلئے کافی تعداد میں سینما گھر موجود ہیں، ہمیں صرف خلوص دل سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریلیر دیکھنے کے بعد فلم کی اسٹوری جاننے کی ضرورت پیش آتی ہے،اس لئے شائقین فلم ذہن میں یہ بات لے کر آئیں گے،جبکہ فلم دنگل کی جھلکیاں دیکھ کر ہی فلم کی کہانی واضح ہوجاتی ہے،شائقین فلم کو ٹریلردیکھ کر سب اندازہ ہوجانا چاہئے۔

کابل میں ریتیک روشن اور یامی گوتم مرکزی کردار ادا کررہے ہیں،فلم کی ایک نابینا شخص کےان لوگوں سے انتقام کی کہانی ہے، جو اس کا پیار اس سے چھین لیتے ہیں۔ فلم کابل شاہ رخ خان کی فلم رئیس کے ساتھ ریلیز کی جائے گی۔