گلیانہ کے نواحی سرکل ملکہ کا پٹوار خانہ ویران۔ غریب زمیندار ذلیل و خوار

Malika

Malika

ملکہ (زاہد مصطفی اعوان) گلیانہ کے نواحی سرکل ملکہ کا پٹوار خانہ ویران ، پٹواری ٹھاٹ باٹھ ، کم تنخواہ اور عیش و عشرت ، دیہاتوں میں غریب زمیندار ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے۔ پٹواریوں نے قیمتی دفتر شہر میں سجا لئے ، عوام پریشان ، ڈی سی او گجرات نوٹس لیں۔

تفصیل کے ساتھ مہنگائی ، بے روزگاری ، اقراء پروری ، جہالت ، غنڈہ گردی جیسے مسائل نے عوام کو ذہنی مرض میں مبتلا کر کے رکھ دیاہے۔ یہی عالم سرکار اور سرکاری اداروں کے افسران کا ہے ، جو بظاہر تو عوام کے خادم کہلواتے ہیں لیکن عوام کو مسائل کی دلدل سے نکلتے دیکھ نہیں سکتے ، پٹوار خانے بند ، غریب زمیندار اپنی زمینوں کی معلومات کے حصول کے لئے ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے۔

پٹواریوں کی شان و شوکت ، سوٹ بوٹ، کم تنخواہ عیش و عشرت لیکن غریب عوام کو سہولت دینے میں صفر، اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ تمام پٹواریوں کو اپنے حلقہ میں ڈیوٹی کا پابند کیا جائے۔ اور تمام پٹواریوں کے اثاثہ جات چیک کئے جائیں ، کہ یہ لوگ 1980 میں کیا تھے۔ اور اب کیا ہیں عوام پریشان ، پٹواری اپنے حال میں مست ، عوام کیلئے وہی لارے لپے اور سبز باغ آخر کب تک غریب عوام کے ساتھ یہ ظالمانہ سلوک کیا جائے گا۔

عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام پٹواریوں کو اپنے اپنے حلقے میں دفتر بنانے کا پابند کیا جائے تاکہ غریب کسانوں کو ٹھاٹ باٹھ والے پٹواریوں کے دفاتر ڈھونڈنے کے لئے شہروں کے چکر نہ کاٹنے پڑھیں۔