گوجرانوالہ : این اے 101 وزیر آباد میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

Election

Election

وزیر آباد (جیوڈیسک) این اے 101 وزیر آباد کا انتخابی میدان سج گیا جہاں اہم ترین معرکہ آج ہونے جا رہا ہے۔ اس حلقے سے نون جیتے گا یا جنون، یا پھر تیروں کی بارش ہوگی، یہ آج الیکشن کے نتائج میں سامنے آجائے گا۔

ریٹرننگ آفیسر ماجد شریف ڈوگر کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹر کے لئے شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا۔ این اے 101 کے ضمنی الیکشن کےلئے آج تحصیل وزیر آباد میں عام تعطیل ہے، سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں۔

حلقے میں پاک فوج اور رینجرز کے 2138 جوان پولنگ سٹیشنوں پر تعینات جن میں پاک آرمی کے 1937 اور رینجرز کے 201 جوان شامل ہیں ۔ این اے 101 کی سیٹ سپریم کورٹ کی طرف سے نون لیگ کے جسٹس ریٹائرڈ افتخار چیمہ کے خلاف اثاثے چھپانے کے عدالتی فیصلے کے باعث خالی ہوئی تھی لیکن ن لیگ نے انہیں دوبارہ اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے، پی ٹی آئی نے حامد ناصر چٹھہ کے بیٹے محمد احمد چٹھہ اور پیپلز پارٹی نے اعجاز چیمہ کو میدان میں اتارا ہے، تینوں امیدوار اپنی کامیابی کے بارے میں پرامید ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کیلئے 262 پولنگ سٹیشن اور 787 پولنگ بوتھ بنائے ہیں ۔ 42 پولنگ سٹیشن مردانہ، 43 زنانہ اور 177 مشترکہ پولنگ سٹیشن ہوں گے، 787 پولنگ بوتھ میں سے 433 مردانہ، 354 زنانہ پولنگ بوتھ ہوں گے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 016 ہے، تمام پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ فوجی افسران اور 262 پریذائیڈنگ افسران کے پاس مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات موجود ہوں گے

الیکشن کے موقع پر گڑبڑ کرنے والے کسی بھی شرپسند کو موقع پر گرفتار کرلیا جائیگا اور سمری ٹرائیل کے تحت تین ماہ قید اور جرمانہ کی سزائیں سنائی جاسکیں گی آج تمام پولنگ سٹیشنوں پر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔ 84 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دے دیا گیا جبکہ 11 حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں۔

این اے 101 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران عمران خان نے تین دفعہ جبکہ حمزہ شہباز نے دو دفعہ اس حلقے کا دورہ کیا ، پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار تو میدان میں اتارا ہے لیکن اس کا کوئی مرکزی سطح کا رہنما حلقے میں نظر نہیں آیا۔

خفیہ تحقیقاتی اداروں کی جاری کردہ رپورٹوں کی روشنی میں این اے101 کے 11 پولنگ سٹیشنوں کو حساس ترین جبکہ 73 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دے دیا گیا تھا جہاں جھگڑا ، فساد ہونے کے خدشات ہیں ۔ حکام نے امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر وہاں پولنگ کے سخت انتظامات کردئیے ہیں۔