آئی ایم ایف کیساتھ وعدہ ،30 جون تک پی آئی اے کی نجکاری ممکن نہیں، محمد زبیر

Muhammad Zubair PIA

Muhammad Zubair PIA

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدے کے مطابق 30جون 2016 ء تک پی آئی اے کی نجکاری ممکن نہیں۔

قومی ایئر لائن کے معاملے پر تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سیاست چمکا رہی ہیں، پی ٹی آئی کے منشور میں لکھا ہے کہ پی آئی اے سمیت خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں مختلف اداروں کی نجکاری کیلئے 15ملین ڈالر خرچ کیے لیکن وہ اپنی نالائقی کی وجہ سے اس عمل کو مکمل نہیں کر سکے۔

یہ کہنا تھا اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوراننجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر کا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کو دیے گئے شیڈول کے مطابق 30 جون 2016ء تک پی آئی کی نجکاری اب ممکن نہیں رہی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طلا ل چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ لوگ کراچی میں 2 افراد کے قتل کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈالنے کی کوششوں میں لگے ہیں، واقعہ کراچی میں ہوا جو سندھ حکومت کے زیر انتظام علاقہ ہے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ مختلف سرکاری کارپوریشنز پاکستان کو مالی طور بہت بڑا نقصان پہنچا رہے ہیں،مختلف اداروں پر 600ارب روپے سالانہ خرچ ہو رہے ہیں، اگر یہ رقم پاکستان میں ترقیا تی کاموں پر خرچ ہو جائے تو ایک سال میں پاکستان جاپان اور کوریا کی طر ح بن جائے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے مک مکا کر رکھا ہے اور یہ سیاسی جماعتیں ملکی ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔