اشتعال انگیز تقریر، ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے خلاف 15 مقدمات درج

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقریر کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ حیدر آباد میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف تھانہ فورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمہ وحید نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا جس کی درخواست رات گئے پولیس کو موصول ہوئی۔ الطاف حسین کے خلاف مٹیاری تھانے میں شہری عثمان جوکھیو کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ جیکب آباد کے تین تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے۔

تھانہ ایئرپورٹ میں شہری عبدالخالق نے درخواست دی۔ تھانہ صدر میں شہری اعجاز شاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ تھانہ دودا پور میں شہری محمد مٹھل کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ تینوں مقدمات دفعہ ایک سو تریپن کے تحت رجسٹر کئے گئے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق الطاف حسین نے سیکورٹی اداروں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ پاکستان کی سالمیت اور قومی اداروں کو نشانہ بنایا۔ ایم کیو ایم کے قائد کی اشتعال انگیز تقریر کا مقصد سندھ اور کراچی میں گڑبڑ پیدا کرنا تھا۔

خیرپور میرس کے تھانہ تھری میرواہ اور فیض گنج میں بھی دو مقدمات درج کر لئے گئے۔ میر پور خاص میں بھی دو مقدمات، دادو، لاڑکانہ اور ٹنڈو اللہ یار میں بھی ایک ایک مقدمہ درج کیا گیا۔

مزید کئی شہروں میں مقدمات کے اندراج کے لیے درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن پر مزید مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔