آئی ایس او پاکستان کا کنونشن امن و ترقی کی نوید لائے گا : علی مہدی

Ali Mehdi

Ali Mehdi

لاہور (پ ر) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدرعلی مہدی نے تنظیم کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں سالانہ کنونشن کے حوالے سے ایک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خوف و مایوسی کی فضا آخری سانسیں لے رہی ہے۔

پاکستان مخالف طاقتیں ناکام و نامراد ہوچکی ہیں، ان سب کامیابیوں کی اہم وجہ پاکستانی قوم کا متحد ہونا ہے۔ مرکزی صدر نے کہا کہ تعلیم دشمن اور پاکستان و اسلام مخالف مائنڈ سیٹ اپنے افکار پھیلانے میں ناکام و رسوا ہوا ہے۔

پاکستان کے ضامن عوام و ادارے بالخصوص دفاعی دستہ نوجوانان پاکستان کی ترقی، امن اور خطے میں بالادستی کے ضامن اور امن و ترقی کے نقیب ہیں، آئی ایس او پاکستان کا کنونشن امن و ترقی کی نوید لائے گا، 45ویں مرکزی کنونشن میں ملک کے گوش و کنار سے تشریف لائے ہوئے ہزاروں نوجوان پاکستان کی ترقی میں اپنا کلیدی کرادر ادا کرنے کیلئے عزم نو کریں گے۔

اس موقع پر چیئرمین کنونشن احسن نقوی کا کہنا تھا کہ کنونشن کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، ملک بھر میں رابطہ مہم کا سلسلہ مکمل ہو گیا ۔ احسن نقوی کا کہنا تھا کہ مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کو بھی کنونشن میں شرکت کیلئے مدعو کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مرکزی نائب صدر سرفراز نقوی مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی اور دیگر اراکین کابینہ نے شرکت کی۔