اطالوی پولیس پیزا بوائز کے روپ میں انتہائی مطلوب مافیا لیڈر کو گرفتار کر لیا

Mafia Leader Arrested

Mafia Leader Arrested

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) پیزا بوائز کے روپ میں پولیس اہکاروں نے انتہائی مطلوب مافیا لیڈرکو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی پولیس اہلکاروں نے، جو گاہکوں کو گھروں پر پیزا پہنچانے والے لڑکوں کا روپ دھارے ہوئے تھے، ملک کے خطرناک ترین مجرموں میں سے ایک کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے وقت یہ مافیا لیڈر اپنے گھر پر فٹ بال میچ دیکھ رہا تھا۔ رپورٹوں کے مطابق یہ گرفتاری ویک اینڈ پر نیپلز نامی شہر کے نواح میں عمل میں آئی۔

کروڑوں دیگر یورپی باشندوں کی طرح یہ انتہائی مطلوب ملزم بھی فٹ بال کا شوقین ہے اور جس وقت ’پیزا بوائز‘ کے روپ میں پولیس اہلکاروں نے اسے گرفتار کیا، وہ اپنے گھر پر ٹیلی وژن کے سامنے بیٹھا فٹ بال کے ایک لائیو میچ سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ پولیس نے مطابق اس مافیا لیڈر کو نیپلز کے مضافات میں ’اورٹا دی آٹیلا‘ نامی قصبے سے حراست میں لیا گیا۔

ہفتہ 16 اپریل کی شام جس وقت خود کو ’پیزا ڈلیوری بوائز‘ ظاہر کرنے والے پولیس اہلکاروں نے اس گینگ لیڈر کے فلیٹ کے دروازے پر دستک دی، وہ ٹیلی وژن پر مقامی فٹ بال کلب ایس ایس سی ناپولی اور میلان شہر کے انٹرمیلان نامی کلب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا لائیو میچ دیکھ رہا تھا۔اطالوی وزیر داخلہ انگیلینو الفانو نے اس مافیا رہنما کی گرفتاری کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ روبیرٹو مانگانیئلو کئی دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ پولیس کو ایک دوہرے قتل اور ہتھیاروں کی غیرقانونی تجارت کی وجہ سے بھی مطلوب تھا۔