خورشیدہ بیگم کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ راجونی اتحاد

Arrest

Arrest

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد میں شامل اتحادی جماعتوں کے سربراہان سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ عارف راجپوت ‘ اشتیاق آرائیں ‘ عبدالحکیم رند ‘ عدنان میمن ‘ حاجی امیر علی خواجہ و دیگر نے محب وطن روشن پاکستان پارٹی شعبہ خواتین کی سینئر ومرکزی رہنما خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا کے بہیمانہ قتل کی مذمت اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا صرف سیاسی و سماجی رہنما ہی نہیں بلکہ ہائی کورٹ سے وابستہ قابل ایڈوکیٹ بھی تھیں اور ملنسار و خوش مزاج ہونے کی وجہ سے ان کی دنیا میں کسی سے کوئی دشمنی بھی نہیں تھی۔

صرف نشتر روڈ گارڈن پر واقع ان کے گھر سے متصل پلاٹ پر قائم اس لکھپتی لان انتظامیہ کے ساتھ ان کا پراپرٹی کا تنازعہ ہائی کورٹ میں چل رہا تھا جس کے پہلو میں قائم ان کے اپنے گھر میں خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا کو نامعلوم قاتل نے تیز دھار آلے سے ذبح کرکے قتل کردیا جبکہ کچھ عرصہ قبل ان کے اسی گھرسے لکھپتی لان انتظامیہ کے ساتھ ہائی کورٹ میں چلنے والے کیس کی قانونی دستاویزات بھی چرالی گئیں تھیں۔

اسلئے تمام پہلوؤں کو مدِ نظر رکھ کر تیز رفتار تفتیش کے ذریعے میڈم انیتا کے قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچانا پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی ذمہ داری ہے اور اگر اس میں کسی قسم کی جانبداری یا تاخیری حربے استعمال کئے گئے تو راجونی اتحاد اس کے خلاف وسیع پیمانے پر بھرپور عوامی وقانونی احتجاج کرے گا۔