اخوت ہیڈ آفس ٹائون شپ لاہور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا

Lahore

Lahore

لاہور : اخوت کے پروجیکٹ اخوت کلاتھ بینک کے زیر اہتمام اخوت ہیڈ آفس ٹائون شپ لاہور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تقریباًٍ 500 سو سے زائد خاندانوں میں گرم کپڑے تقسیم کئے گئے۔

جبکہ پانچ مستحق لڑکیوں کو جہیز پیک بھی دیا گیا۔ تقریب میں خواتین ، بچوں ، سول سوسائٹی ، اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت چئیرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکیٹو آف ہیلپنگ ہینڈز فضل الرحمن تھے۔

دیگر مہمانانِ گرامی میں ممبر قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک ، ڈائریکٹر اخوت ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی ، پروفیسر اطہر اکرام، شاہد اے ضیائ، ندیم ملک ، شیخ پرویز،اور حسین حیدر،بھی شامل تھے۔ چئیرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے مہمانوں کو اخوت کلاتھ بینک کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ اخوت کلا تھ بینک پاکستان کا پہلا کلاتھ بینک ہے جہاں پر معاشرے کے نظرانداز کئے گئے غریب افراد کے لئے کپڑوں کا تحفہ انتہائی وقار اور پیار سے پیش کیا جاتا ہے۔ آج کی تقریب بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ ڈیڑھ سال قبل شروع ہونے والے اس پروجیکٹ سے اب تک تقریباً دو لاکھ سے زیادہ لوگ مستفید ہو چکے ہیں۔ انھوں نے بتا یا کہ اس پروجیکٹ کوخواجہ سرائوں کی ٹیم چلارہی ہے۔ اندرون و بیرونِ ملک سے صاحبِِ ثروت درد مند دل رکھنے والے خواتین و حضرات کپڑوں کو بنڈلز کی صورت میں بھیجتے ہیں جنھیں اخوت ہیڈ آفس وصول کر کے اخوت کلاتھ بینک کے سپرد کر دیتا ہے جہاں خواجہ سرائوں کی ٹیم ان کو ڈرائی کلین کر نے کے بعد استری کر کے لفافوں میں پیک کر مستحقین کو دیتے ہیں۔

مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکیٹو آف ہیلپنگ ہینڈز فضل الرحمن نے اخوت کی کاوشوںکو سراہتے ہوئے کہا کہ اخوت نے دس لاکھ غریب خاندانوں کو بلا سود قرضِ حسن کی رقم فراہم کر کے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ انتہائی مشکل حالات میں بھی وہ تنہا نہیںہیں اور اخوت کلاتھ بینک کا سٹاف جس محنت سے استعمال شدہ کپڑوں کو دوبارہ قابلِ استعمال بناتا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

اخوت کلاتھ بینک کی سپر وائزر خواجہ سرا مکھونے کہا اخوت نے ہمیں با عزت روزگار فراہم کر کے انسانیت کے تشخص کو بحال کیا ہے اور معاشرے میں برابری کا مقام دیا ہے۔ ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی نے تمام معزز مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں کپڑوں کے ساتھ ساتھ ریفریشمنٹ بھی دی گئی۔