اب موبائل فون کے پیغامات چھپانا ناممکن نہیں رہا

Mobile Phone SMS

Mobile Phone SMS

استنبول (جیوڈیسک) کسی محفل میں یا سفر کے دوران فون استعمال کرنا کافی مشکل کام ہوتا ہے کیونکہ سب کی نظریں آپ کے فون کی سکرین پر جمی ہوتی ہیں اور آپ اپنے پرسنل میسجز اورفون نمبر چھپا نہیں سکتے ۔ اس وجہ سے آج کل اپنی پرائیویسی کو برقرار رکھنا قریباً ناممکن ہو چکا ہے ۔ شاید آپ نے بھی کبھی سوچا ہو گا کہ آپ کی موبائل سکرین صرف آپ ہی دیکھ سکیں اور آپ کے علاوہ کوئی اور اسے نہ دیکھ سکے۔

یقین جانئے آئندہ کچھ عرصے بعد آپ کی یہ خواہش پوری ہونے والی ہے ۔ ترکی کے ایک شہری جلال گوجر کے ذہن میں بھی ایسا ہی خیال آیا ۔ ایک دن گوجر ترکی کی ایک لوکل بس میں محوِ سفر تھا ، بس میں رش ہونے کی وجہ سے کچھ لوگ کھڑے تھے ۔ اچانک موبائل پر میسج کرتے وقت گوجر کی نظر ایک شخص کی طرف پڑی ، وہ بڑی دلچسپی سے گوجر کا میسج پڑھ رہا تھا۔ یہ دیکھ کر گوجر کو بہت افسوس ہوا کہ آج کے جدید دور میں بھی آپ اپنی پرائیوسی برقرار نہیں رکھ سکتے ۔ چونکہ گوجر ایک سافٹ ویئر انجینئر تھا تو اُس نے سوچا کہ کیوں نہ ایک ایسی موبائل سکرین تیار کی جائے جو آپ کی پرائیویسی کو برقرار رکھے۔

یعنی آپ کے سیل فون کی سکرین آپ کے علاوہ اور کوئی نہ دیکھ سکے ۔ اگرچہ یہ سوچنے میں تو اچھا اور دلچسپ خیال ہے، لیکن ایسی موبائل سکرین بناناکوئی آسان کام نہیں ۔ شروع میں گوجر نے موبائل ہارڈ ویئر میں تبدیلی کرنے کے بارے میں سوچا لیکن پھر انہیں یہ خیال آیا کہ ہارڈ ویئر میں تبدیلی سے دوسرے لوگوں کا اس نئی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا خاصا مشکل ہو گا ۔ اس وجہ سے انہوں نے سافٹ ویئر بنانے کا فیصلہ کیا اور قریباً چار ماہ کی محنت سے ایک ایسا پروگرام تیار کر لیا جو فون پر انسٹال ہونے کے بعد فون کی سکرین کو بالکل سادہ یعنی سفید دکھاتا ہے ، لیکن اگر اس کے ساتھ ایک مخصوص چشمہ استعمال کیا جائے تو سکرین بالکل عام انداز میں نظر آتی ہے ، یعنی اس پروگرام اور چشمے کی بدولت اپنے فون کی سکرین صرف آپ ہی دیکھ سکتے ہیں۔

دوسروں کو فون پر سادہ سکرین ہی نظر آئے گی ۔ ایک مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے گوجر کا کہنا تھا کہ ایک سافٹ ویئر انجینئر کا ذریعہ معاش نئے سافٹ ویئر متعارف کروانا ہی ہوتا ہے ، یہ سافٹ ویئر بناتے وقت میرا مقصد کسی طرح سے عوام کی مدد کرنا تھا ۔ اب میں چاہتا ہوں کہ ترکی سمیت دیگر ممالک کے لوگوں کی پہنچ میں بھی یہ جدید ایپلی کیشن ہو ۔ گوجر کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ اس ایپلی کیشن میں کچھ ترمیم کرنے اور کچھ نئے آپشنز داخل کرنے کے بعد اسے کمرشلی متعارف کروا دیا جائے گا۔