خان صاحب میں اخلاقی جرات ہے تو آفر کرنیوالے کا نام بتائیں: مریم اورنگزیب

Mariam Aurangzeb

Mariam Aurangzeb

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے شہر اقتدار میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پانامہ کے معاملے پر خاموش رہنے پر 10 ارب روپے کی پیشکش کا عمران خان کا دعویٰ جھوٹا ہے، تحریک انصاف نے گالم گلوچ کی سیاست شروع کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو تحریک انصاف کی ہاں میں ہاں ملائے وہ ٹھیک ہے اور جو اختلاف کرے وہ برا ہے، پی ٹی آئی اب عدلیہ پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے، سوشل میڈیا پر عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی مہم چلائی جا رہی ہے، عمران خان میں تھوڑی سی بھی اخلاقی جرات ہے تو پیشکش کرنے والے کا نام بھی بتائیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس کیچڑ کی بھری ہوئی بالٹی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ نواز شریف ہی عمران خان کا ٹارگٹ کیوں ہیں؟ اداروں سے مرضی کے فیصلے مانگنا کونسی روایت ہے؟ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خود ہی اپنی قیمت لگا رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان نے قومی ترانے کی توہین کی بھی کوشش کی اور اب تحریک انصاف توہین عدالت بھی کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان تو خود اپنی ہی بات سے مکر جاتے ہیں، مریم نواز بھی عمران خان کے حواس پر سوار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خان صاحب! جھوٹ کی گردان بند کریں۔