قوم کی زبوں حالی کی وجہ قائدین کی مفاد پرستی ہے ‘ جونا گڑھ فیڈریشن

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ حکمرانوں ‘ رہنماوں اور منتخب قیادت کی غلطیوں ‘ منافقت اور مفاد پرستی کا خمیازہ ہمیشہ قوم اور عوام کو بھگتنا پڑتا ہے اور یہ حقیقت ہے کہ جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانی عوام ‘ برادریوں اور جماعتوں کے تمام مسائل کی بنیادی وجہ جہاں ان کا عدم اتحاد و اتفاق ہے وہیں رہبروں ‘ رہنماوں اور قائدین کی مفاد پرستی سے بھی انہیں نقصان پہنچا ہے اور ان کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بات جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے الیکشن کمشنر امیر پٹی اور چیف پیٹرن نوابزادہ غلام محمد خان نے باہمی ملاقات میں جلد سے جلد فیڈریشن کے شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری دیانتداری سے نبھانے کا عزم و عہد کرتے ہوئے کہی ۔ رہنماوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آج جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانی جونا گڑھ فیڈریشن کا حصہ ہونے کے باجود اپنے آئینی حقوق سے محروم مسائل و مصائب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

کیونکہ قائدین ‘ رہبروں اور رہنماوں نے اکثریتی حقوق پر ذاتی و گروہی مفادات کو فوقیت دیکر فیڈریشن کو ذاتی مراعات و تعیشات کیلئے استعمال کیا مگر اب انشاءاللہ ایسا نہیں ہوگا۔

کیونکہ ہم نے نہ صرف کمیونٹی کو مفاد پرستوں سے محفوظ بنانے کا عزم کیا ہے بلکہ صالح و عوام دوست قیادت کے انتخاب کیلئے شعوری مہم بھی چلائی جارہی ہے تاکہ فیڈریشن کے انتخابات کو شفاف ‘ منصفانہ اور غیر جانبداری بنانے کے ساتھ عوام کو صالح ‘ مخلص ‘ اہل ‘ باصلاحیت اور مفید قیادت کے انتخاب کا موقع بھی فراہم کیا جائے۔