ترک صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب،پی ٹی آئی کا بائیکاٹ کا فیصلہ

President Erdogan

President Erdogan

ترکی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ترک صدر کی پاکستان آمد کے موقع پر ان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بھی بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف متنازع وزیر اعظم ہیں، ان کی سربراہی میں کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بعض پارٹی رہ نماؤں نے ترک صدر کی وجہ سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی حمایت کی تاہم عمران خان نے یہ تجویز یکسر مسترد کر دی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترکی پاکستان کا مخلص دوست اور برادر اسلامی ملک ہے، ترک صدر کے لیے ہمارے دل میں بے حد احترام ہے، تاہم وزیر اعظم کی کرپشن اور پاناما لیکس پر ہم واضح مؤقف رکھتے ہیں۔

تحریک انصاف پاکستان آمد پر ترک صدر کا خیرمقدم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور خیرسگالی جذبے کے تحت ترک صدر سے ملاقات کی خواہش بھی ہے۔

ترک سفیر سے مل کر اپنا نکتہ نظر اور مؤقف پیش کریں گے اور تحریک انصاف کے وفد کی ترک صدر سے ملاقات کے لیے وقت کے حصول کی کوشش بھی کی جائے گی۔