عوامی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرنا ہمارا مقصد ہے، محمد یوسف

جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی تاریخ عوامی خدمت سے عبارت ہے، عوامی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرنا ہمارا مقصد ہے، ہمیشہ کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی ایسی صالح اور دیانتدار قیادت کو میدان میں اتارے گی جو عوامی مسائل کا ادراک رکھتی ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد زون کے تحت منعقدہ اجتماع ناظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر زون اویس یاسین، نائب امراء زون طارق مسعو بیگ، عرفان حسن اور قیصر جمیل سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجو د تھے۔ محمد یوسف نے کہا کہکراچی کے عوام کو پانی میسر نہیں، ہم مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہیں ہماری جنگ غربت، بھوک، بیروزگاری، مہنگائی اور دہشت گردی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام ٹیکس دیتے ہیں۔

ووٹ دیتے ہیں لیکن عوام سے ٹیکس لینے والے اور ووٹ لینے والے عوام کو بھول جاتے ہیں، یہ ووٹ ایک امانت ہے اور بڑی طاقت ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردوں سے نجات حاصل کی جائے، کراچی کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ نسلوں کے لئے کیسا کراچی چھوڑنا چاہتے ہیں۔ محمد یوسف نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جن کو ووٹ کے ذریعے اقتدار میں پہنچایا انہوں نے کراچی کو مسائلستان بنا دیا ہے، دہشت گردی بھتہ خوری اور ہڑتالوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ،ہم اس شہر کو آزاد کرانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

جماعت اسلامی کو جب بھی عوام نے منتخب کیا تو عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان جیسی شخصیات نے کراچی کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کے سفر کی طرف گامزن کیا۔ انشاء اللہ ایک بار پھر عوام کی طاقت سے کراچی کو روشنیوں کا شہر بنا کر دکھائیں گے۔ خوشحال پاکستان کے لیے ہمیں عملی جدوجہد کرکے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے کام کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کی قیادت عوام کے مسائل کو بخوبی جانتی ہے۔ ہم ہی عوام کے مسائل کو حل کرسکتے ہے۔

Mohammad Yousuf News

Mohammad Yousuf News