راحیل شریف کی زیرقیادت فوج نے دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی

Nawaz Sharif and Raheed Sharif

Nawaz Sharif and Raheed Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں وزیراعظم کی جانب سے الوداعی عشائیہ دیا گیا۔ اہم عسکری اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اپنی نوعیت کی منفرد اور اہم تقریب میں آمد پر میزبان وزیراعظم نواز شریف نے مہمان خاص جنرل راحیل شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔

جنرل راحیل شریف ہشاش بشاش نظر آئے اور مسکراہٹ ان کے چہرے پر نمایاں تھی۔ عشائیے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ائیر اور نیول چیفس، سینئر ترین جنرلز، وزراء، اعلیٰ سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ عشائیے کے دوران وزیراعظم نے مسلح افواج کے سربراہوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے عشائیہ کے شرکاء سے فرداً فرداً مصافحہ بھی کیا۔

آرمی چیف کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تقریب کا مقصد آرمی چیف راحیل شریف کو شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ راحیل شریف نے بطورآرمی چیف شاندارخدمات انجام دیں۔ جنرل راحیل کا خاندان ملکی دفاعی خدمات کے نام سے جانا جاتا ہے۔

وزیراعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا جنرل راحیل شریف کو غیر معمولی قابلیت کی بنا پر آرمی چیف مقرر کیا گیا اور راحیل شریف نے محنت اور لگن سے خود کو بے مثال سپہ سالار ثابت کیا۔ انہوں نے مزید کہا جنرل راحیل شریف کی زیر قیادت فوج نے دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی۔ بہترین سپہ سالار کے اسٹریٹجک مشوروں کو ہمیشہ اپنایا اور مستقبل میں بھی ان سے مشاورت کرتے رہیں گے۔